ریونت ریڈی اور بنڈی سنجے کی خوشگوار ملاقات کا ویڈیو وائرل

   

ڈاکٹر کے کیشو راؤ سے بغلگیر ہونے کی تصویر، نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں میڈیا پوائنٹ پر ملاقات
حیدرآباد۔2۔ فروری (سیاست نیوز) سیاسی قائدین میڈیا اور عوام کے سامنے بھلے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنائے لیکن شخصی ملاقات کے موقع پر اختلافات فراموش کر کے گرمجوشی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ۔ سوشیل میڈیا میں نئی دہلی کے تلنگانہ بھون کی ایک ویڈیو تیزی سے گشت کر رہی ہے جس میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اور ارکان پارلیمنٹ ڈی اروند اور باپو راؤ سے خوشگوار انداز میں ملاقات کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریونت ریڈی کی بی آر ایس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ سے گرمجوشانہ ملاقات کی تصویر بھی وائرل ہوچکی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ کے خطاب کے بعد تلنگانہ کے ارکان پارلیمنٹ میڈیا سے بات چیت کے لئے تلنگانہ بھون پہنچے۔ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں میڈیا پوائنٹ قائم کیا گیا جہاں تمام پارٹیوں کے قائدین پہنچ کر میڈیا سے بات کرتے ہیں۔ ریونت ریڈی جس وقت میڈیا پوائنٹ پہنچے بنڈی سنجے اور ان کے ارکان واپس ہورہے تھے۔ درمیان میں دونوں پارٹیوں کے سربراہوں کی ملاقات ہوئی اور ریونت ریڈی نے بنڈی سنجے اور بی جے پی ارکان کے ساتھ انتہائی خوشگوار انداز میں مصافحہ کیا۔ بنڈی سنجے اور ان کے ارکان پارلیمنٹ بھی مسکراکر بات کر رہے تھے۔ بعد میں ریونت ریڈی کا ڈاکٹر کیشو راؤ سے سامنا ہوا اور دونوں ایک دوسرے سے بغلگیر ہوگئے ۔ کیشو راؤ اور ریونت ریڈی نے کچھ دیر تک علحدگی میں بات چیت بھی کی۔ عوام کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف سنگین الزامات عائد کرنے والے قائدین کو نئی دہلی میں خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا۔ سوشیل میڈیا میں ویڈیو اور تصاویر کے وائرل ہونے پر عوام کی جانب سے متضاد ردعمل ظاہر کیا گیا جبکہ قائدین نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ر