جنوری میں کانگریس کی حکومت رہے گی، ہر غریب کو مکان اور مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد کا وعدہ
حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی پدیاترا آج دوسرے دن بھی جاری رہی۔ ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین کے ہمراہ مندر میں خصوصی پوجا کی اور پالم پیٹ سے پدیاترا کا آغاز کیا۔ رکن اسمبلی سیتکا، نائب صدر پردیش کانگریس ملوروی کے علاوہ دیگر قائدین شریک تھے۔ دوپہر تک پدیاترا نرسا پور کراس روڈ پہنچ گئی جہاں لنچ وقفہ رکھا گیا تھا۔ سہ پہر 3 بجے بنڈاروپلی تک پدیاترا جاری رہی اور شام میں ملگ میں جلسہ منعقد کیا گیا۔ درمیان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی مسائل کو نظرانداز کرکے مودی حکومت انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر حالات کا شکار ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے انتخابی وعدوں کو فراموش کردیا اور صرف انتخابی کامیابی ان کی اولین ترجیح بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد سے کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کیا جائیگا تاکہ تلنگانہ میں عوام کی خواہش کے مطابق فلاحی اقدامات پر عمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کل محبوب آباد کی سرحد تک پدیاترا جاری رہے گی۔ پدیاترا کا مقصد عوامی مسائل سے واقفیت اور راہول گاندھی کے پیام کو گھر گھر پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو عوامی مسائل سے زیادہ دیگر ریاستوں میں بی آر ایس کی توسیع کی فکر ہے۔ پدیاترا کے راستہ میں جگہ جگہ ریونت ریڈی نے کسانوں، کھیت مزدوروں، خواتین اور نوجوانوں سے ملاقات کرکے انکے مسائل کی سماعت کی۔ انہوں نے کسانوں سے فصلوں کی امدادی قیمت و رعیتو بندھو اسکیم کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جنوری میں تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت رہے گی اور ہرغریب کو گھر دیا جائے گا اور زمین رکھنے والے غریبوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے منظور کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر عوام کو انصاف ملے گا۔ پدیاترا میںغیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا سینکڑوں کانگریس کارکن و ریونت ریڈی کے حامی شریک تھے۔ کئی مقامات پر ریونت ریڈی پر پھولوں کی بارش کی گئی۔ ضعیف خواتین و کمسن بچوں سے ریونت ریڈی نے پدیاترا میں ملاقات کی۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے تحت پدیاترا شروع کی گئی جس میں ہر ضلع کے قائدین حصہ لے رہے ہیں ۔ر