زرعی قوانین کے خلاف کانگریس کے ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے

,

   

2023 ء میں کانگریس تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی، مانکیم ٹیگور اور اتم کمار ریڈی کا خطاب، ہر ضلع میں دستخطی مہم

حیدرآباد: مرکز کے زرعی قوانین کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج ریاست بھر میں احتجاج منظم کیا اور کسانوں سے دستخطی مہم کا آغاز کیا گیا۔ کسان اور مزدور بچاؤ نعرے کے تحت ہر ضلع اور اسمبلی حلقوں کی سطح پر پارٹی نے احتجاجی مظاہرے منظم کئے اور مخالف کسان قوانین سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے سنگا ریڈی میں احتجاج کی قیادت کی ۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو ، سابق ارکان پارلیمنٹ سریش شیٹکر ، پونم پربھاکر ، متعلقہ رکن اسمبلی جگا ریڈی کے علاوہ ضلع کے دیگر قائدین احتجاج میں شریک تھے۔ طویل ریالی کی شکل میں کانگریس قائدین مجسمہ گاندھی پہنچے اور مہاتما گاندھی کو خراج پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مانکیم ٹیگور نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 2013 ء میں کانگریس کی اقتدار میں دوبارہ واپسی کے مقصد سے متحرک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں ویژن 2023 کی تکمیل کے لئے بطور انچارج مقرر کئے گئے ہیں اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 79 نشستوں پر کامیابی حاصل ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی نے میدک سے انتخابات میں حصہ لیا تھا ، لہذا وہ سنگا ریڈی سے احتجاجی پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کی بھلائی کے لئے علحدہ ریاست تشکیل دی تھی لیکن کے سی آر اور ان کے خاندان کو فائدہ پہنچا ہے ۔ نئی ریاست کے فوائد سے عوام محروم رہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر اور ان کے ارکان خاندان 6 برسوں میں غیر معمولی اثاثہ جات کے مالک بن گئے ۔

آئندہ پانچ برسوں میں کے سی آر اور ان کے افراد خاندان دولت میں مکیش امبانی کی برابری کرلیں گے ۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ مکیش امبانی بزنس کے ذریعہ آمدنی حاصل کر رہے ہیں لیکن کے سی آر خاندان کمیشن کے ذریعہ دولت اکٹھا کر رہا ہے۔ انہوں نے کے سی آر کو کمیشن کے سی آر کا نام دیا اور کہا کہ اس خاندان سے تلنگانہ کو نجات دلائی جائے گی۔ انتخابات میں دولت کے سہارے کامیابی حاصل کرنے کی ٹی آر ایس کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر مودی کی بی ٹیم ہیں اور مرکزی حکومت کے ہر فیصلہ کی تائید کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کانگریس حکومت میں جگا ریڈی کو وزارت میں شامل کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر بھلے ہی کوئی ہو لیکن جگا ریڈی وزیر رہیں گے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کو کے سی آر سے نجات دلانے کیلئے کانگریس جدوجہد کا آغاز کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستخطی مہم کے ذریعہ دو کروڑ کسانوں کی دستخطیں حاصل کی جائیں گی جنہیں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو پیش کیا جائے گا۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ نے بھونگیر ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کھمم ، محمد علی شبیر نے کاما ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کتہ گوڑم میں احتجاج کی قیادت کی۔