سابق صدر مصر محمد مرسی کا اچانک انتقال

,

   

قاہرہ 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے سابق صدر محمد مرسی کا آج عدالت میں ایک مقدمہ کی سماعت کے بعد انتقال ہوگیا ۔ سرکاری ٹی وی نے یہ اطلاع دی ۔ مصر کے سرکاری اخبار الاہرام نے بھی اطلاع دی ہے کہ 67 سالہ محمد مرسی جاسوسی کے الزامات میں مقدمہ کی سماعت کے بعد عدالت میں گرپڑے اور کوما میں چلے گئے ۔ انہیں فوری ایک نامعلوم دواخانہ کو منتقل کیا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا ۔ کہا گیا کہ وہ عدالت ہی میں گر کر بیہوش ہوگئے تھے اور ان کا انتقال ہوگیا ۔ محمد مرسی اخوان المسلمین تنظیم کے بااثر رہنما تھے ۔ انہوں نے 2011 میں صدارتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی تاہم انہیں 2013 میں موجودہ صدر ابوالفتح السیسی کی بغاوت کے ذریعہ اقتدار سے بیدخل کردیا گیاتھا ۔ وہ اسی وقت سے حراست میں تھے اور انہیں مسلسل کئی مقدمات میں ماخوذ کرکے سزائیں سنائی جاتی رہی ہیں۔ چند ماہ قبل ایک برطانوی مشن نے اپنی رپورٹ میں اندیشے ظاہر کئے تھے کہ محمد مرسی کی صحت کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے اور وہ قبل از وقت موت کا شکار ہوسکتے ہیں۔