سہارنپور، 19 مئی (یو این آئی) عوامی مقامات اور سڑکوں پر نماز ادا نہ کرنے سے متعلق وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی اپیل کے بعد سہارنپور ضلع میں مسلم تنظیموں، دینی اداروں اور علمائے کرام نے آئندہ عیدالاضحی کے موقع پر نماز صرف عیدگاہوں اور مساجد کے اندر ادا کرنے کا اجتماعی فیصلہ کیا ہے ۔مختلف مسلم تنظیموں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی صورت میں عوامی مقامات یا سڑکوں پر نماز ادا نہ کریں۔دیوبند عیدگاہ کے سکریٹری انس صدیقی نے منگل کو بتایا کہ دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف، جامع مسجد دیوبند اور عیدگاہ کمیٹی کے درمیان منعقدہ اجلاس میں یہ مشترکہ فیصلہ لیا گیا کہ 28 مئی کو عیدالاضحی کی نماز صرف عیدگاہوں اور مساجد میں ادا کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ دارالعلوم وقف میں صبح 6 بجے ، عیدگاہ میں 6 بج کر 15 منٹ پر، دارالعلوم کی رشیدیہ مسجد میں 6 بج کر 30 منٹ پر جبکہ جامع مسجد میں 6 بج کر 45 منٹ پر نماز ادا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ محلوں کی مساجد میں بھی مختلف اوقات میں نماز کا اہتمام کیا جائے گا۔انس صدیقی نے کہا کہ دیوبند عیدگاہ میں تقریباً 15 ہزار افراد بآسانی نماز ادا کر سکتے ہیں، اس لیے کسی کو بھی سڑک پر نماز پڑھنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
جمعیۃ حمایت الاسلام کے قومی صدر قاری ابرار جمال نے بھی مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی حالت میں سڑکوں پر نماز ادا نہ کریں اور صرف مقررہ مذہبی مقامات پر ہی نماز ادا کریں۔قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ عید کے موقع پر بھی جمعیۃ علمائے ہند کے قومی صدر اور دارالعلوم دیوبند کے صدر مدرس مولانا ارشد مدنی نے مسلمانوں سے سرکاری ہدایات کا احترام کرتے ہوئے سڑکوں پر نماز ادا نہ کرنے کی اپیل کی تھی، جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے محلوں کی مساجد اور عیدگاہوں میں نماز ادا کی تھی۔مسلم تنظیموں کا کہنا ہے کہ مسلم سماج قانون اور انتظامی ہدایات کا احترام کرتا ہے اور کسی بھی قسم کے ٹکراؤ یا امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے والے حالات سے بچنا چاہتا ہے ۔