عوام کو بھی قوانین کی پابندی کا مشورہ ۔ کیب ڈرائیورس کو لازمی یونیفارم پہننے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سال نو کے موقع پر شہر میں ٹریفک تحدیدات عائد رہیں گی ۔ شہر میں سال نو کے جشن کے موقع پر 31 دسمبر کی رات تمام فلائی اوورس کو بند کردیا جائیگا اور ایرپورٹ جانے والی گاڑیوں کیلئے فلائی اوورس بالخصوص ایکسپریس وے استعمال کیلئے ایر ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا ۔ رات تقریبا 10 بجے تا صبح 5 بجے یہ تحدیدات عائد رہیں گی ۔ سائبر آباد ، رچہ کنڈہ اور حیدرآباد تینوں پولیس کمشنریٹ میں پابندیاں عائد رہیں گی ۔ اس کے علاوہ نہرو آوٹر رنگ روڈ پر رات 10 بجے تا صبح 5 بجے سوائے ایرپورٹ جانے والی گاڑیوں کے کسی کو سفر کی اجازت نہیں رہے گی ۔ سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹ حدود میں آوٹر رنگ روڈ پر سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تحدیدات عوامی مفاد میں ہیں تاکہ حادثات سے بچایا جاسکے ۔ ایرپورٹ جانے والی ہر گاڑی کو مسافر کے ایرٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا ۔ اس کے علاوہ کیاب اور ٹیکسی ڈرائیورس کو پابند کردیا گیا کہ وہ اس رات لازمی طور پر یونیفارم میں رہیں اور مسافرین سے زائد رقم کا مطالبہ نہ کریں اور شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ٹیکسی ، آٹو اور کیاب سرویس کا استعمال کریں اور کسی بھی سرویس کی جانب سے منزل تک چھوڑنے سے انکار یا تکرار کی فوری پولیس سے شکایت کریں ۔ پولیس نے شہریوں کو تلقین کی کہ وہ بے لگام اور لاپرواہی سے گاڑیاں نہ چلائیں اور موٹر سیکل چلانے والوں کو ہلمیٹ لازمی استعمال کرنا پڑیگا اگر کسی قسم کی لاپرواہی کے بعد پولیس کارروائی سے اگر کوئی شہری اس رات بچ جاتا ہے تو کیمروں کی جانچ کے بعد اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک و لا اینڈ آرڈر عملہ کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر بھی کارروائی ہوگی ۔ اگر کوئی شہری حالت نشہ میں گاڑی چلاتے حادثہ اور اموات کا سبب بنتا ہے تو اس کے خلاف غیر ارادتی قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ پولیس نے شہریوں کسی خلاف ورزی پر شکایت کی درخواست کی ہے ۔ شکایت سائبر آباد 9490617346 ، رچہ کنڈہ 8712662111 پر کرسکتے ہیں ۔ع