حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر حکومت کی چار اہم اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوگا اور حکومت نے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں مکمل شفافیت کی ہدایت دی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ نئے راشن کارڈز کی اجرائی، اندراماں ہاؤزنگ، رعیتو بھروسہ اور اندراماں آتمیا بھروسہ اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ گرام سبھاؤں میں مستحق خاندانوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت کے گائیڈ لائنس سے عوام میں الجھن پائی جاتی ہے حالانکہ کوئی بھی پرانا راشن کارڈ منسوخ نہیں کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے کریم نگر میں گرام سبھا میں حصہ لیتے ہوئے استفادہ کنندگان کے انتخاب کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات جاریہ عمل ہے اور اسکیمات کیلئے نئی درخواستیں داخل کی جاتی ہیں۔ پونم پربھاکر نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ وہ اسکیمات سے محروم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کے نام فہرست میں شامل نہیں ہیں وہ آئندہ گرام سبھا میں اپنا نام درج کراسکتے ہیں۔1