آئی اے ایس عہدیداروں کے ساتھ ناشتہ پر ملاقات کا سلسلہ شروع ، تمام گوشوں سے ستائش
حیدرآباد۔14جولائی (سیاست نیوز) سرکاری خدمات کی انجام دہی کے دوران عہدیداروں کی تربیت کے کئی پروگرام منعقد ہوا کرتے ہیں لیکن تلنگانہ کے چیف سیکریٹری مسٹر راما کرشنا راؤ نے اپنے ماتحت خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی تربیت کے لئے جو طریقہ کار اختیار کیا ہے اس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی کیونکہ چیف سیکریٹری تلنگانہ نے منفرد انداز میں اپنے جونیئر آئی اے ایس عہدیداروں کی تربیت اور انہیں جاننے اور سمجھنے کے لئے ان کے ساتھ غیر رسمی ملاقاتوں کا اہتمام کرتے ہوئے ان کی جستجو اور محنت کے متعلق آگہی حاصل کرتے ہوئے ان کی رہنمائی کرنے لگے ہیں۔چیف سیکریٹری تلنگانہ نے رسمی طور پر تربیتی پروگرامس کے انعقاد کے بجائے ایم سی ایچ آر ڈی جوبلی ہلز میں جونیئر آئی اے ایس عہدیداروں کے ساتھ ناشتہ پر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیاہے جو کہ عہدیداروں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے اور اس پروگرام کی بیشتر تمام گوشوں کی جانب سے ستائش کرتے ہوئے کہا جارہاہے کہ ریاست میں ’ہیڈ آف سروس‘ کے طور پر چیف سیکریٹری اپنے جونیئرس سے ملاقات کرتے ہوئے ان کینہ صرف رہنمائی کر رہے ہیں بلکہ ان کی خدمات کی ستائش اور نئے پروگرامس کو سیکھنے کی ان کی خواہشوں کا احترام کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جانے لگی ہے جو کہ سابق میں کسی عہدیدارنے ایسا نہیں کیا ۔ انگریزی کی سرکردہ ویب سائٹ سے کی گئی بات چیت کے دوران چیف سیکریٹری تلنگانہ مسٹر راما کرشنا راؤ نے بتایا کہ ان غیر رسمی ملاقاتوں کو سرکاری گوشوں میں اب’اڈلی وتھ انسائٹ‘‘ کا نام دیا جانے لگا ہے جبکہ ان ملاقاتوں کا کوئی نام نہیں ہے لیکن جونیئر آئی اے ایس عہدیداروں کے ساتھ بات چیت اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ان میں موجود صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے ریاستی امور کو مستحکم کیا جاسکتا ہے اور اسی لئے وہ جونیئر اور سینیئر عہدیدارو ںکے درمیان موجود فاصلہ کو کم کرتے ہوئے غیر رسمی طور پر سیکھنے اور سکھانے کے عمل کو انجام دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سیکریٹری کے بیاچ واری اساس پر تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں سے ملاقاتوں اور بات چیت سے جونیئر عہدیداروں میں موجود جھجک دور ہونے کے علاوہ اپنی ذمہ داریوں کے تئیں جوابدہی کا احساس پیدا ہونے لگا ہے اور وہ بھی ان غیر رسمی ملاقاتوں سے خوش ہیں۔3