سقوط حیدرآباد کو تلنگانہ حکومت عوامی حکمرانی دن کے طور پر منائے گی

   

پبلک گارڈن نامپلی میں تقاریب ، چیف سکریٹری سنجے جاجو نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔10۔ستمبر (سیاست نیوز) حکومت نے 17 ستمبر سقوط حیدرآباد کے دن کو تلنگانہ عوامی حکمرانی تقاریب کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پبلک گارڈن نامپلی میں سرکاری تقریب منعقد ہوگی۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ یوم عوامی حکمرانی کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹریز جیش رنجن ، وکاس راج ، احمد ندیم ، پرنسپل سکریٹریز نوین متل ، کرسٹینا چنکٹو ، شیکھا گوئل ، کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار، مینجنگ ڈائرکٹر ناگی ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ سنجے جاجو نے کہا کہ پبلک گارڈن نامپلی میں 17 ستمبر کو تقایب کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسمبلی کے روبرو واقع شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر چیف منسٹر ریونت ریڈی خراج عقیدت پیش کریں گے۔ چیف سکریٹری نے اسمبلی اور اس کے اطراف موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ شہر میں واقع اہم سرکاری عمارتوں کے علاوہ تاریخی عمارتوں کو روشنی سے منور کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے یوم عوامی حکمرانی کی تیاریوں کا ریہرسل 15 ستمبر کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ تقاریب میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب ہوگا۔1/k/m/b