’سمندری راہداری پر تیز رفتاری، مجھے بھی بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا‘

   

’موٹر وہیکلس قانون میں ترمیم، دفعہ 370 کی برخاستگی، طلاق ثلاثہ پر امتناع اہم کارنامہ

مودی حکومت کے پہلے 100 دن محض ایک ٹریلر آئندہ پانچ سال میں فلم ریلیز ہوگی: گڈکری

ممبئی 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترمیم شدہ موٹر وہیکلس قانون کے تحت ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کے نفاذ پر پیدا شدہ تشویش کے درمیان وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری نے یہ حیرت انگیز انکشاف کیاکہ حال ہی میں ممبئی کی سمندری رابطہ راہداری باندرہ ۔ ورلی پر تیز رفتار گاڑی چلانے پر اُنھیں بھی بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا ہے۔ مودی کے زیرقیادت حکومت کے پہلے 100 دن کے دوران کئے گئے چند بڑے فیصلوں کے بارے میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گڈکری نے کہاکہ دستوری دفعہ 370 کی تنسیخ اور جموں و کشمیر کی تقسیم مرکز کی انتہائی اہم کامیابی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی ہندوستان کو اقتصادی سوپر پاور بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ گڈکری نے کہاکہ ’100 دن ٹریلر ہیں اور ساری فلم آئندہ پانچ سال میں ریلیز ہوگی‘۔ مرکزی وزیر نے مزید کہاکہ بیک وقت طلاق ثلاثہ کے عمل کو جرم قرار دینا اور موٹر وہیکلس قانون میں ترمیم بھی این ڈی اے حکومت کے چند اہم کارنامے ہیں۔ گڈکری نے مسکراتے ہوئے برجستہ کہاکہ ’حتیٰ کہ مجھے بھی (ممبئی کے باندرہ ورلی) سمندر رابطہ پر تیز رفتاری کے سبب بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’موٹر وہیکلس قانون میں ترمیم ایک اہم کارنامہ ہے اس سے رشوت میں نہیں بلکہ شفافیت میں اضافہ ہوگا‘۔