سنکرانتی تہوار کے پیش نظر آر ٹی سی کو 112.16 کروڑ کی آمدنی

   

تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے 5806 خصوصی بسیں چلائی گئی ۔ خواتین کو مفت سفر کی سہولت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سنکرانتی تہوار کے موقع پر تلنگانہ آر ٹی سی کو خصوصی بسیں چلانے کی وجہ سے 112.16 کرور روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آئندہ ایک دو دن میں اس کی مکمل تفصیلات جاری کی جائے گی ۔ گذشتہ سال کے بہ نسبت جاریہ سال خصوصی بسوں کی تعداد میں زبردست اضافہ کیا گیا جس کی وجہ سے بھاری آمدنی وصول ہوئی ہے ۔ گذشتہ سال 4962 خصوصی بسیں چلائی گئیں جس سے آر ٹی سی کو 98.49 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ۔ جاریہ سال 5806 خصوصی بسیں چلائی گئیں جس سے 112.16 کروڑ روپئے کی آمدنی ہونے کا عہدیدار اندازہ لگا رہے ہیں ۔ گذشتہ سال کے بہ نسبت جاریہ سال 844 زیادہ خصوصی بسیں چلائی گئیں جس سے 14 کروڑ روپئے کی زیاددہ آمدنی ہوئی ہے ۔ سنکرانتی تہوار سے تین چار دن قبل بسوں میں سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے ۔ ساتھ ہی تہوار کے بعد اسی مناسبت سے عوام شہر واپس ہوتے ہیں ۔ تہوار کے پیش نظر پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کو تقریبا 5 لاکھ اور ریاست تلنگانہ کے 32 اضلاع کو تقریبا 3.50 لاکھ عوام سفر کرنے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ آندھرا پردیش سے تلنگانہ کو عوام کی واپسی کے لیے اے پی ایس آر ٹی سی نے زیادہ بسیں چلائی ہیں مگر عوام نے تلنگانہ آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے کو زیادہ ترجیح دی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت ہے ۔ جس کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقہ کی خواتین نے خانگی بسوں کے بجائے آر ٹی سی بسوں میں سفر کیا ہے ۔ تہوار کے پیش نظر چلائی گئی خصوصی بسوں میں 50 فیصد زیادہ چارجس وصول کئے گئے ۔ 7 تا 14 جنوری تک خصوصی بسیں چلائی گئی ۔۔ 2