سنگاریڈی کے موضع ملگی میں سرقہ کی واردات 3 ملزمین گرفتار کیا

   

سنگاریڈی 5 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی کے ہدنور پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع موضع ملگی میں پیش آئی سرقہ کی واردات کو پولیس نے کامیابی کے ساتھ حل کرتے ہوئے 3 ملزمین کو گرفتار کرلیا اور انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے مسروقہ طلائی و نقرئی زیورات کے علاوہ نقد رقم اور واردات میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل ضبط کرلی۔تفصیلات کے مطابق موضع ملگی کے رہنے والے اوٹی بسپا کے مکان میں 20 ستمبر 2026 کی شب نامعلوم افراد نے سرقہ کی واردات انجام دی تھی۔ اس دوران مکان سے ایک جوڑی طلائی بالیاں، 3 ہاتھ کی انگوٹھیاں، 2 جوڑی نقرئی پازیب، 2 کڑے اور 60 ہزار روپے نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا تھا۔ متاثرہ شخص کی شکایت پر ہڈنور پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔اسی سلسلے میں 4 نومبر 2026 کو مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس نے موضع ملگی کے مضافاتی علاقے میں گاڑیوں کی تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران موٹر سائیکل پر تیز رفتاری سے آنے والے 3 مشتبہ افراد نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے انہیں پکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران تینوں نے ملگی گاؤں میں مکان سے سرقہ کی واردات انجام دینے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مسروقہ طلائی و نقرئی زیورات کو فروخت کرنے کے لیے موٹر سائیکل پر بیدر لے جارہے تھے۔گرفتار ملزمین کی شناخت پون، ولد جیریپا، ساکن یکات پور، ایم ڈی حسین، ولد ملثانی، ساکن مولّا والے اور گنڈپا، ولد بیراپا، ساکن ہمارآباد کی حیثیت سے کی گئی۔پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 7.8 گرام طلائی زیورات، 13.1 تولے نقرئی زیورات، 50 ہزار روپے نقد رقم اور مسروقہ مال کی منتقلی کے لیے استعمال کی گئی موٹر سائیکل ضبط کرلی۔