سوریاونشی شاندار کرکٹر نہ ہوتے تو انہیں ’معصوم‘ میں کاسٹ کر لیتا: فلمساز شیکھر کپور

   

نئی دہلی ۔یکم ؍ جون( ایجنسیز )انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن میں قابلِ ذکر پرفارمنس دینے والے 15 سالہ نوجوان کرکٹر ویبھو سوریاونشی نے اپنی شاندار بیٹنگ سے سب کو حیران کر دیا اور 16 میچز میں 776 رنز بنائے، جس کے بعد انہیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔اب بالی ووڈ کے فلم ساز شیکھر کپور نے بھی ان کے ٹیلنٹ کی تعریف کی ہے اور ایکس پر لکھا کہ اگر سوریاونشی اتنے شاندار کرکٹر نہ ہوتے، تو میں انہیں اپنی فلم ’معصوم‘ میں کاسٹ کر لیتا۔یاد رہے کہ ’معصوم‘ 1983 میں ریلیز ہونے والی شیکھر کپور کی ایک کلاسک اور شہرہ آفاق فلم ہے جس کا ایک نیا اور جدید ورژن حال ہی میں بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی موسیقی اے آر رحمان ترتیب دے رہے ہیں۔ سوریاونشی نے محض 14 سال کی عمر میں آئی پی ایل میں ڈیبیو کر کے تاریخ کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔واضح رہے کہ ویبھو کو ایشین گیمز کیلئے انڈین کرکٹ ٹیم کے 30 ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔