سولار اور ہائیڈرو پاور پراجکٹس کیلئے سن پیٹرو کیمیکلس کی 45 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری

   

ڈاؤس میں تلنگانہ حکومت سے معاہدہ، تلنگانہ میں 80 ہزار کروڑ سرمایہ کاری کے معاہدات طئے: ریونت ریڈی
حیدرآباد۔ /22 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سن پیٹرو کیمیکلس کمپنی سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت توانائی کے شعبہ میں شہرت رکھنے والی یہ کمپنی ریاست میں 45500 کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گی۔ تلنگانہ کے اضلاع ناگرکرنول، منچریال اور ملگ میں تین پمپڈ اسٹوریج ہائیڈرو اینڈ سولار پاور پراجکٹس قائم کئے جائیں گے۔ تینوں پراجکٹس کی مجموعی صلاحیت 3400 میگا واٹ رہے گی اور انٹیگریٹیڈ سولار پاور پلانٹس کے تحت 5440 میگا واٹ برقی کی پیداوار ہوگی۔ کمپنی کے 45500 کروڑ کے وینچر میں 7000 افراد کو روزگار ملنے کا امکان ہے۔ ریاست کی سماجی اور معاشی ترقی میں یہ پراجکٹ اہم رول ادا کرے گا۔ تلنگانہ حکومت اور سن پیٹرو کیمیکلس کے عہدیداروں نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھاری سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ریاست میں گذشتہ سال کی 40 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری اس مرتبہ بڑھ کر دوہری یعنی 80 ہزار کروڑ ہوچکی ہے۔ سن پیٹرو کیمیکلس سے حکومت کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت مینوفیکچرنگ سیکٹر کے علاوہ برقی پاور ہاوزس جیسے شعبہ جات کو ترجیح دے رہی ہے۔ نئے پراجکٹس سے ناگرکرنول، منچریال اور ملگ اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ معاہدہ کا مقصد ریاست میں قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ گرین انرجی میں یہ پراجکٹ ملک کا نمایاں پراجکٹ رہے گا۔ ریاستی وزیر سریدھر بابو نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کی سعی مسلسل کے نتیجہ میں یہ معاہدہ طئے پایا ہے۔2014 کے بعد سن فارماسیوٹیکل انڈسٹریز نے تلنگانہ میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر دلیپ سانگھوی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں یہ تاریخی معاہدہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک بھر میں گرین انرجی کے شعبہ میں اہم رول ادا کرے گا۔1