ممبئی، یکم اکتوبر (آئی اے این ایس) اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنی آنے والی رومانٹک تھرلر فلم تو ہے میری کرن‘ کا پہلا لک مداحوں کے ساتھ شیئرکیا ہے۔ اس فلم میں وہ اپنے شوہر ظہیر اقبال کے ساتھ دوسری مرتبہ ایک ساتھ نظر آئیں گی۔ سوناکشی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم کا پوسٹر شیئرکرتے ہوئے مداحوں سے دلچسپ سوال کیا، آپ محبت اور جنون کے درمیان لکیرکہاں کھینچیں گے؟ فلم کے پوسٹر سے ہی اس کی پراسرار اور سنسنی خیز نوعیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ پوسٹر میں سوناکشی اور ظہیر ایک میز پر ساتھ بیٹھے ہیں۔ سوناکشی دوسری جانب دیکھ رہی ہیں، جبکہ ظہیر انہیں غور سے دیکھتے دکھائی دیتے ہیں۔ پوسٹرکے اوپر فلم کی ٹیگ لائن درج ہے، ’’اسے ایک تعلق ملا، اسے ایک جنون ملا۔‘‘ پوسٹر کے نچلے حصے میں فلم کا نام اور ریلیزکی تاریخ 23 اکتوبر 2026 درج ہے۔فلم بظاہر ایک رومانوی رشتے کے تاریک پہلوکو پیش کرتی ہے، جہاں دونوں مرکزی کرداروں کے درمیان ایک پراسرار تعلق کہانی کا اہم حصہ ہے۔ سوناکشی نے پوسٹر کے ساتھ لکھا، ’’آپ محبت اور جنون کے درمیان لکیرکہاں کھینچیں گے؟ ’یو ہے میری کرن‘ 23 اکتوبرکو سنیما گھروں میں۔کرن راول کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی تو ہے میری کرن‘کو وشال رانا نے ایچیلون پروڈکشنز کے تحت، پی اے ایم اسٹوڈیوز اور اے اینڈ ڈی پروڈکشنز کے اشتراک سے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال مرکزی کرداروں میں ہیں۔ تو ہے میری کرن سوناکشی اور ظہیر کی دوسری فلم ہے۔ اس سے قبل دونوں 2022 کی فلم ’ڈبل ایکس ایل‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ سترام رمَانی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ہما قریشی اور مہت راگھویندر بھی اہم کرداروں میں تھے۔ سوناکشی سنہا اورظہیر اقبال نے کئی برس تک اپنے تعلق کو مخفی رکھا، تاہم جون 2024 میں شادی کے بعد دونوں نے اپنے رشتے کو عوامی طور پر تسلیم کیا۔دونوں کی پہلی ملاقات سلمان خان کے گھر پر ایک تقریب کے دوران ہوئی تھی۔ اس کے بعد یہ ملاقات شادی تک پہنچی ۔