واشنگٹن : امریکہ نے عرب، افریقی اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد کہا ہے کہ وہ اگلے چند دنوں میں آگے بڑھنے کے ایک نئے راستے کا اعلان کرنے کی امید کرتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدے داروں نے جدہ میں امریکہ اور سعودی عرب کی حمایت سے مذاکرات کا فائدہ نہ اٹھانے پر سوڈان کی فوج اور نیم فوجی سریع الحرکت فورسز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ایک عہدہ دار نے صحافیوں کو بتایا کہ متحارب فریق واضح طور پر اس کاوش سے فائدہ نہیں اٹھا رہے ہیں جو ہم ان کیلئے کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اس طرح کامیاب نہیں ہو رہا جس طرح انھوں نے اس مرحلہ وار عمل کے حوالے سے اتفاق کیا تھا تاکہ جنگ کے مستقل خاتمے تک پہنچا جا سکے۔سوڈان کی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور سریع الحرکت فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان کئی ہفتوں سے جھڑپیں جاری ہیں اور دونوں فریق ملک کے اہم علاقوں پرکنٹرول کیلئے ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہیں۔جدہ مذاکرات کے موقع پرمحکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدے داروں نے کہا کہ امریکہ اور سعودی عرب کی جانب سے متحارب فورسز کے درمیان لڑائی کی روکنے کی کوششیں، یہاں تک کہ مختصر مدت کیلئے بھی، اب تک بے کار ثابت ہوئی ہیں۔ اب، افریقی اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد، وہ اگلے چند دنوں میں آگے بڑھنے کیلئے ایک نئے راستے کا اعلان کرنے کی امید کرتے ہیں۔