کولکاتہ۔7؍مئی ( ایجنسیز)مغربی بنگال میںچہارشنبہ کی دیر شام بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری کے پرسنل اسسٹنٹ (پی اے) چندر ناتھ رتھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے مدھیم گرام کے دوہریا موڑ پر پیش آیا۔ چندر ناتھ رتھ اس وقت اپنی کار میں تھے اور اپنے گھر کے قریب تھے۔بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور جو ایک موٹر سائیکل پر آئے تھے، انہوں نے ان کی کار کو روکا اور یکے بعد دیگرے تین راؤنڈ فائرنگ کی۔ گولی سیدھی سینے میں لگی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا۔ ایک اور شخص جو واقعہ کے وقت چندر ناتھ رتھ کے ساتھ تھا کو زخمی حالت میںہاسپٹل لیجایا گیا ہے۔ مہلوک چندر ناتھ رتھ گذشتہ پانچ سال سے سویندو ادھیکاری کے ساتھ تھے اور بہت قریبی سمجھے جاتے تھے۔ انہوں نے حالیہ انتخابات کے دوران انتخابی مہم کی اہم ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔ چندر ناتھ کے قتل کو سیاسی زاویہ سے بھی دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے قریبی تعلقات اور انتخابی سرگرمی کے پیش نظر اس واقعے نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔اس واقعہ کے بعد بنگال کی سیاست میں بھی ہلچل پیداہوگئی ہے۔
ٹاملناڈو میں پہلی مرتبہ مخلوط حکومت کے امکانات
چینائی، 7 مئی (یو این آئی) نو تشکیل شدہ پارٹی ٹی وی کے کے بانی وجے نے جب ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات سے قبل یہ داؤ کھیلا تھا کہ ان کی پارٹی اتحاد اور اقتدار میں حصہ داری کیلئے تیار ہے تو کسی نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا اور ناتجربہ کار سیاست داں قرار دے کر مسترد کر دیا تھا لیکن انتخابی نتائج نے تمام ایگزٹ پولز کے اندازوں کو غلط ثابت کر دیا اور انہوں نے سیاسی افق پر دھماکے دار انٹری کی ہے ۔وجے کی پارٹی اگرچہ اپنے دم پر حکومت بنانے کیلئے اکثریت حاصل کے حصول میں ناکام رہی جس سے ٹاملناڈو کی تاریخ میں پہلی بارمخلوط حکومت بننے کی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں۔ اس پس منظر میں، اداکار نے ضروری عددی طاقت حاصل کرنے کے لیے کانگریس، وی سی کے اور بائیں بازو کی جماعتوں سے رابطہ کیا۔