عالمی سیاست ، عالم عرب میں جغرافیائی و سیاسی تبدیلی ، امریکہ و ہندوستان کے حالات کا لیں گے جائزہ
حیدرآباد :16 نومبر ( سیاست نیوز) دنیا فی الوقت ایک نازک دور سے گزر رہی ہے ، ایک طرف امریکہ اپنے سوپر پاور ہونے کے زعم میں مبتلا ہے تو دوسری طرف چین مختلف شعبوں بالخصوص ذہانت اور خلائی ٹکنالوجی کے شعبوں میں بڑی تیزی سے آگے بڑھتا جارہا ہے ، تیسری طرف اسرائیل اپنی درندگی کے ذریعہ انسانیت کو شرمسار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور چوتھی طرف عالم اسلام بالخصوص عالم عرب اسرائیل کی درندگی اور فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ حوثیوں نے بھی سعودی عرب کو پریشان کر رکھا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ایران کے بہانہ مشرق وسطی کے ملکوں کو غیر محسوس انداز میں نشانہ بنارہے ہیں ۔ ایسے میں خود ہمارے وطن عزیز ہندوستان کے حالات بھی ٹھیک نہیں ، ایسا لگتا ہے کہ آنے والے دنوں میں سیاسی عدم استحکام سے ہندوستان متاثر ہوگا ۔ ان تمام حالات کا تجزیہ 17 نومبر بروز منگل ’سیاست‘ آڈیٹوریم میں شام 5:30 تا 6:30 بجے منعقد ہورہے لکچر میں ممتاز ماہر تعلیم مصنف و مبصر پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالمقتدر کریں گے اور بتائیں گے کہ کیا امریکہ زوال سے دوچار ہوگا ؟ کیا چین امریک کا مقام حاصل کرپائے گا؟ ، کیا ہندوستان اپنے بل بوتے پرچین اور امریکہ سے مقابلہ کر پائے گا ۔ کیا موجودہ مودی حکومت میں ہندوستان کے حالات خاص کر سیاسی عدم استحکام دور ہوگا اور کیا مودی حکومت زوال سے دوچار ہوگی ؟ ۔ جہاں تک پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالمقتدر کا سوال ہے ان کا تعلق ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد سے ہے ، انہیں حکومت تلنگانہ نے 13 تا 14 نومبر حیدرآبادمیںمنعقدہ بھارت سمٹ میں شرکت کیلئے مدعو کیا تھا۔ وہ یونیورسٹی آف ڈیلاوئیر میں شعبہ سیاسیاست اور بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ہیں ۔ ڈاکٹر خاں اس یونیورسٹی میں اسلامک اسٹیڈیز پروگرام کے بانی ڈائرکٹر ہیں ۔ آپ کو بتادیں کہ اس لکچر میں شہر کے ممتاز دانشوروں و مفکرین کو مدعو کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر محمد عبدالمقتدر خاں یوٹیوب چیانل پر Khanversation نامی پروگرام پیش کرتے ہیں جس میں دنیا بھر کے ملکوں میں ہورہی تبدیلیوں اور رونما ہورہے واقعات کا بڑے ہی خوبصورت انداز میں احاطہ کیا جاتا ہے ۔ وہ میڈل ایسٹ پالیسی کونسل میں سال 2025ء سے تاحال نان ریزیڈنٹ اسکالر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ، جہاں وہ امریکہ اور ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر کام کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر خان نیولائنز انسٹی ٹیوٹ میں 2020-2025 میں سینئرنان ریزیڈنٹ فیلو رہ چکے ہیں جہاں وہ ادارہ کے یونیورسل ویلیوز اینڈ گورننس ( عالی اقدار اور بہتر طرز حکمرانی) کے منصوبوں کی نگرانی کرتے تھے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالمقتدرخاں امریکی محکمہ خارجہ کے نیشنل سیکورٹی انسٹی ٹیوٹ میں 2016-2019ء تک اکیڈیمک ڈائرکٹر رہے ۔ اس کے ساتھ ہی امریکی فارن پالیسی انسٹی ٹیوٹ میں 2010ء سے 2025ء تک اکیڈیمک ڈائرکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں ۔ اس سے پہلے وہ بروکنگز انسٹی ٹیوٹ (2003-2008) میں سینئرنان ریزیڈنٹ فیلو سینئرفار گلوبل پالیسی (2017-2020) میں سینئرفیلو اور انسٹی ٹیوٹ فار سوشل پالیسی میں بھی 2001 تا 2016 میں سینئرفیلو رہ چکے ہیں ، وہ کئی کتاب کے مصنف ہیں ۔