حیدرآباد 20 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی ) کی 24 ویں کانگریس کا وجئے واڑہ آندھرا پردیش میں انعقاد عمل میں آیا ۔ اس اجلاس میں جناب سید عزیز پاشاہ سابق رکن راجیہ سبھا و ڈاکٹر کے نارائنا سی پی آئی کا قومی سکریٹری منتخب کرلیا گیا ۔ اس کے علاوہ ڈی راجہ کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا ۔ یہ انتخاب اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا ۔ جناب سید عزیز پاشاہ 2006 سے 2012 تک راجیہ سبھا کے رکن رہے ۔ اس سے قبل وہ 2009 میں سی پی آئی قومی عاملہ کے رکن بھی رہے ۔ وہ آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے 1974 سے 1978 تک جنرل سکریٹری بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں انٹرنیشنل یونین آف اسٹوڈنٹس کا نائب صدر بھی منتخب کیا گیا تھا ۔ اپنے دور رکن راجیہ سبھا کے دوران عزیز پاشاہ نے کیوبا کے صدر فیڈل کاسٹرو کے علاوہ چیکو سلواکیہ اور ہنگری کے وزرائے اعظم سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے 2010 میں افرو ۔ ایشین سالیڈاریٹی کے مبصر کے طور پر ناوابستہ تحریک کی ہوانا میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی تھی ۔