سیرینا اور اوساکا کوارٹرفائنل میں داخل، ڈومینک باہر

   

میلبورن۔ 23 مرتبہ کی گرانڈ سلام فاتح امریکہ کی سیرینا ولیمس اور یو ایس اوپن فاتح جاپان کی ناومی اوساکا نے آج سخت مقابلے میں جیت حاصل کرتے ہوئے سال کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کرلیا جبکہ تیسری سیڈ آسٹریلیا کے ڈومنک تھیئم چوتھے راونڈ کا مقابلہ ہارکر باہر ہوگئے ۔اپنے24 ویںگرانڈ سلام خطاب کی تلاش میں مصروف10 ویں سیڈ سرینا نے ساتویں سیڈ بیلاروس کی ارینا سبالینکا کو دوگھنٹے نو منٹ میں 6-4 ، 2-6 ، 6-4سے شکست دی۔ سرینا نے فیصلہ کن سیٹ میں بریک حاصل کرتے ہوئے 3-1 کی برتری حاصل کی۔ سبالینکا نے بھی بریک حاصل کیا اور پھر اسکور 4-4 سے برابر رہا۔ سرینا نے اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے 5-4 کی برتری حاصل کی۔ 10 ویں گیم میں سبالنکا دباؤ میں ڈبل فالٹ کرکے اپنی سروس گنوا بیٹھیں اور میچ بھی ہارگئیں۔یو ایس اوپن چمپیئن اور تیسری سیڈ اوساکا نے دو میچ پوائنٹ بچانے کے بعد 14 ویں سیڈ اسپین کی گاربائن مگروزا کو4-6 ،6-4 ،7-5 سے شکست دے کر آخری آٹھ میں جگہ بنالی ۔ اوساکا نے یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 55 منٹ میں جیت لیا۔ مگروزا کے پاس میچ جیتنے کا سنہری موقع تھا لیکن انہوں نے اسے گنوا دیا ۔اوساکا کا کوارٹرفائنل میں تائیوان کی35 سال کی کھلاڑی سوویئی سے مقابلہ ہوگا جو پہلی مرتبہ کسی گرانڈ سلام کے کوارٹرفائنل میں پہنچی ہیں۔ سووئی نے چیک جمہوریہ کی مارکیٹا ووندروسووا کوصرف68 منٹ میں6-4 6-2 سے ہرا دیا۔مردوں کے زمرے کے ایک بڑے الٹ پھیر میں تیسرے سیڈ تھیم کو 18 ویں سیڈ بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف نے دوگھنٹے اور ایک منٹ میں 6-4، 6-4،6-0 سے شکست دے کرکوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ دیمیتروف کا اگلا مقابلہ روسی کوالیفائر اسلن کاراتسیف سے ہوگا۔ اپنے پہلے گرانڈ سلام میں 27 سالہ کاراتسیف نے20 ویں سیڈ کینیڈا کے فیلکس اوجرالیاسیم کو تین گھنٹے25 منٹ تک چلے پانچ سیٹ کے مقابلے میں 3-6 ، 1-6 ، 6-3 ، 6-3، 6-4 سے شکست دی۔