سیلاب کے متاثرین میں وقف بورڈ کی جانب سے اناج کی کٹس کی تقسیم

   

متاثرین کیلئے حکومت کی امداد کی ستائش، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا بیان

حیدرآباد۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے سیلاب کے متاثرین میں اناج پر مشتمل کٹس تقسیم کئے۔ وقف بورڈ کی جانب سے سیلاب کے متاثرین میں 20 لاکھ روپئے کے کٹس تقسیم کئے گئے تھے۔ بعض علاقوں میں متاثرین کو انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب کٹس کی تقسیم عمل میں نہیں آئی تھی۔ محمد سلیم نے آج تقریباً 100 خاندانوں میں کٹس تقسیم کئے۔ متاثرین نے صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سیلاب کے نتیجہ میں مکانات مکمل تباہ ہوگئے اور مکانات میں موجود ضروری سامان اور اناج کو نقصان پہنچا تھا۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ وہ غریبوں کیلئے مختلف اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ علاج، تعلیم اور چھوٹے کاروبار کیلئے وقف بورڈ کی جانب سے غریبوں کو امداد کی اجرائی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر سیلاب کے متاثرین میں 600 کروڑ سے زائد کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔ ایسے متاثرین جن کو امدادی رقم نہیں ملی انہیں بہت جلد حکومت کی جانب سے رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت نے ملک بھر کیلئے مثال قائم کی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی وقف بورڈ کی جانب سے غریب خاندانوں میں اناج اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں اور حکومت نے غیر قانونی رجسٹریشن روکنے کیلئے باقاعدہ احکامات جاری کئے ہیں جس کے نتیجہ میں اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کا تحفظ ہوپائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں وقف بورڈ کی جانب سے عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کے قدم اٹھائے گئے ہیں۔