حیدرآباد ۔22 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری نے بعض سینئر قائدین کی جانب سے بیان بازی پر اعتراض جتایا ہے ۔ گاندھی بھون میں ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رینوکا چودھری نے کہا کہ ڈگ وجئے سنگھ کو پارٹی کے موقف اور اپنی رائے سے واقف کرایا گیا۔ ڈگ وجئے سنگھ پارٹی مسائل کے حل کیلئے حیدرآباد پہنچے ہیں، انہیں امید ہے کہ بہت جلد کانگریس میں سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مساعی کے ذریعہ تلنگانہ میں کانگریس کو برسر اقتدار لایا جاسکتا ہے۔ اسی دوران سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی کو چاہئے کہ تمام قائدین کو ساتھ لے کر کام کریں۔ اس طرح غلط فہمیوں کا ازالہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگ وجئے سنگھ سے تمام امورپر بات چیت ہوئی ہے ، تاہم پارٹی میں مخبروں پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ریونت ریڈی کو بھی تمام کو ساتھ لے کر چلناچاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے حقیقی کارکنوں کو پارٹی عہدہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ر