نئی دہلی، 24 مئی (یواین آئی) یونین پبلک سروس کمیشن (یوپی ایس سی) نے اتوار کو ملک کے 83 شہروں میں قائم 2072مراکز پر سیول سرویسز (ابتدائی) امتحان 2026 کا انعقاد کیا، جس میں تقریباً 5.49 لاکھ امیدواروں نے شرکت کی۔کمیشن کی جانب سے جاری عبوری اعداد و شمار کے مطابق اس امتحان کیلئے کل 8لاکھ 19ہزار 732امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے تقریباً 67فیصد امیدوار امتحان میں شریک ہوئے ۔ اس کے برعکس سیول سرویس (ابتدائی) امتحان-2025 میں تقریباً 9.5 لاکھ درخواست دہندگان میں سے قریب 61فیصد حاضر ہوئے تھے ۔یو پی ایس سی نے بتایا کہ فرضی امیدواروں کو روکنے اور امتحانی عمل کی شفافیت کو مضبوط بنانے کیلئے پہلی بار تمام امتحانی مراکز پر ریئل ٹائم فیس آتھنٹیکیشن (چہرہ شناخت) ٹیکنالوجی نافذ کی گئی تھی۔ امتحانی مراکز کے قریب سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ حالیہ نیٹ امتحان کے افشاء کے بعد کمیشن کی جانب سے امتحان کے انعقاد کی سخت نگرانی کی گئی۔