سیکولرازم اور امن کیلئے مسلمان کے سی آر کی تائید کریں: محمود علی

   

رمضان المبارک میں موثر انتظامات کی ہدایت، مسجد کے افتتاح اور جائزہ اجلاس میں شرکت
حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ مساجد اللہ کے گھر ہوتے ہیں اور جو کوئی مساجد تعمیر کرتا ہے اللہ تعالیٰ ان کیلئے جنت میں گھر کا وعدہ کررہا ہے۔ وزیر داخلہ محمود علی نے شنکرپلی میں ’’ مسجد طالب عزیز‘‘ کے افتتاح کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے افتتاح کے ساتھ رمضان المبارک کا آغاز ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں مصلیان کو کافی سہولتیں ہوں گی۔ وزیر داخلہ نے مسجد کی خوبصورت عمارت پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مسجد کی تعمیر کا بدلہ صرف اللہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے۔ انہوں نے ملک کی موجودہ صورتحال کے پس منظر میں عوام سے اپیل کی کہ سیکولر قائدین اور سیکولر پارٹیوں کو مستحکم کریں۔ جلد بازی یا جذبات میں آکر فرقہ پرست جماعتوں اور قائدین کی تائید سے گریز کریں۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت مساجد کی تعمیر و مرمت کیلئے ہر سال بجٹ جاری کرتی ہے۔ ریاست میں 10 ہزار ائمہ اور موذنین کو ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کی برقراری اور امن و سکون کیلئے بی آر ایس کا ساتھ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ کے سی آر ایک سیکولر لیڈر ہیں اور مسلمانوں کی ترقی کے بارے میں فکر مند ہیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی چیوڑلہ کے یادیا اور مسجد کمیٹی کے ذمہ دار موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر داخلہ نے لیک ویو بنجارہ فنکشن ہال میں رمضان کے انتظامات کے سلسلہ میں رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے مسلمانوں کو رمضان کی پیشگی مبارکباد پیش کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت برقی، آبرسانی، بلدیہ، صحت، پولیس اور دیگر محکمہ جات کو رمضان المبارک کے دوران بہتر انتظامات کی ہدایت دے چکی ہے۔ر