سی بی ایس سے سرقہ کی گئی بس کا ڈھانچہ ناندیڑ میں دستیاب

,

   

حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) سنٹرل بس اسٹیشن سے چہارشنبہ کی صبح سرقہ ہونے والی بس کا ڈھانچہ مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ میں دستیاب ہوا۔ مسروقہ بس کا ڈھانچہ اور پرزے دستیاب ہونے کی اطلاع پرپولیس عہدیدار حیرت کا شکار ہوگئے جبکہ آر ٹی سی حکام بھی ششدر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل بس اسٹیشن سے کشائی گوڑہ ڈپو سے تعلق رکھنے والی میٹرو ایکسپریس 3D سٹی سرویس بس کا سرقہ ہونے کے بعد افضل گنج پولیس نے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی اور ٹول گیٹس کے ذریعہ پولیس نے بس کا رُخ نرمل کی طرف ہونے کا پتہ چلایا تھا۔ پولیس اس زاویہ سے تحقیقات کررہی تھی اور یہاں کی پولیس کی خصوصی ٹیمیں سارقین کا تعاقب کرنے کی کوشش کررہی تھی کہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ کے مضافاتی علاقہ کانکڑی میں بس کا ڈھانچہ اور پرزے دستیاب ہوئے۔ شاطر سارقین نے بس کا سرقہ کرنے کے بعد اسے ناندیڑ منتقل کیا اور اندرون چند گھنٹے گیس کٹر کی مدد سے بس کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے۔ ناندیڑ کی مقامی عوام نے بس کا ڈھانچہ پائے جانے پر وہاں کی پولیس کو اطلاع دی اور مہاراشٹرا کی پولیس نے حیدرآباد پولیس کو بس کا ڈھانچہ اور پرزے دستیاب ہونے کی بات بتائی ۔ حیدرآباد پولیس کی ٹیم ناندیڑ پہنچنے پر حیرت کا شکار ہوگئی اور اعلیٰ عہدیداروں کو اس سلسلہ میں اطلاع دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بین ریاستی عادی سارقین کی چار رکنی ٹولی نے اس بس کا سرقہ کیا ہے اور بعد ازاں اس کے قیمتی پرزے لے کر فرار ہوگئے۔ ڈیٹکٹیو انسپکٹر افضل گنج پراوین کمار نے ’سیاست نیوز‘ کو بتایا کہ ان کی ٹیم نے وہاں پہنچ کر بس کے پرزوں اور ڈھانچہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور پنچنامہ بھی کیا۔ پولیس نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سارقین کی نشاندہی کی گئی ہے۔