ممبئی، 8 اپریل (پی ٹی آئی) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے ہدایتکار ایٹلی کی آنے والی فلم ’’راکا‘‘ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم بے حد دلچسپ اور پرجوش معلوم ہوتی ہے۔ شاہ رخ خان نے فلم کے پہلی جھلک (فرسٹ لک) کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ویژول اسٹائل اور پیشکش نہایت منفرد اور متاثرکن ہے، جو ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے فلم کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس پروجیکٹ کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ فلم ’’راکا‘‘ میں ساؤتھ کے سوپر اسٹار اللو ارجن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ فلم کی ہدایتکاری ایٹلی کررہے ہیں۔ یہ فلم اپنے اعلان کے بعد سے ہی شائقین میں زبردست جوش و خروش پیدا کرچکی ہے، خاص طور پر اس کے منفرد تصور اور جدید تکنیکی انداز کے باعث عوام میں کافی جوش پایا جاتا ہے ۔ایک جانب اللو ارجن کی گزشتہ فلم پشپا 2 تو دوسری جانب ایٹلی کی شاہ رخ خان کے ساتھ گزشتہ فلم جوان نے کافی مقبولیت حاصل کی تھی ۔علاوہ ازیں فلم کے فرسٹ لک میں اللو ارجن کو ایک بالکل مختلف اور طاقتور انداز میں دکھایا گیا ہے، جس نے مداحوں کی توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ فلم میں ان کے ساتھ دپیکا پڈوکون بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی، جس سے اس پروجیکٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ یہ فلم ایٹلی اور اللو ارجن کے درمیان پہلی مشترکہ کاوش ہے، جس کے باعث بھی اسے خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ فلمی ماہرین کے مطابق ’’راکا‘‘ ہندوستانی سنیما میں ایک نئی جہت متعارف کروا سکتی ہے، خاص طور پر اس کی تکنیکی جدت اورکہانی کے انداز کے حوالے سے ایک نئی امید ہے۔ شاہ رخ خان کی جانب سے تعریف کے بعد فلم کے لیے شائقین کا جوش مزید بڑھ گیا ہے اور اب سب کو اس کے ٹریلر اور ریلیزکا بے صبری سے انتظار ہے۔ E/K