شرد پوار ، بیٹی اور نواسی کیساتھ شطرنج کھیلنے میں مصروف

,

   

ممبئی۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار کو سیاسی شطرنج پر حریف کو ہرانا مشکل ثابت ہوا لیکن سینئر سیاست داں حقیقی چیس بورڈ کے اچھے کھلاڑی ہیں۔ وزیراعظم کے اعلان کے بعد چہارشنبہ سے 21 دنوں کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن پر عمل کیا جارہا ہے۔ اس دوران شرد پوار کی دختر سپریہ سولے نے اپنی انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں شرد پوار کو اپنی بیٹی اور نواسی کے ساتھ شطرنج کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ حلقہ بارہ متی کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے نے کہا ہے کہ ان کے والد سے شطرنج کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ وہ مجھے اور میری بیٹی کو چند منٹوں میں مات دیتے ہیں۔ سپریہ سولے نے یہ بھی بتایا کہ وہ کتابوں کا مطالعہ کررہی ہیں اور اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام کے مداحوں سے کہا کہ وہ بھی گھر پر رہیں اور محفوظ رہیں۔