شمس آباد علاقہ کے شادی خانوں کی لیزر لائٹس پر پابندی کا امکان

   

پروازوں میں ہونے والی مشکلات کو کم کرنے نئے رہنمایانہ خطوط پر غور
حیدرآباد۔20جولائی(سیاست نیوز) شمس آباد کے علاقہ میں موجود شادی خانوں کے علاوہ شمس آباد ائیرپورٹ کے اطراف و اکناف موجود فارم ہاؤز کیلئے نئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے ذریعہ پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے والی پروازوں کو ہونے والی مشکلات اور دشواریوں کو دیکھتے ہوئے ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے اس سلسلہ میں مقامی محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد نئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کی منصوبہ بندی کی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ شمس آباد کے علاقہ میں موجود شادی خانوں میں استعمال کی جانے والی لیزر لائٹس کے نتیجہ میں پروازوں کو ائیر پورٹ پر اترنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور دو ہفتہ قبل لفتھانسا ائیرلائنس کی پرواز کی لینڈنگ کے دوران لیزر لائٹس کی چمک کاک پٹ میں پہنچنے کے نتیجہ میں حادثہ ہوسکتا تھا لیکن پائیلٹ کی چوکسی کے سبب بڑا حادثہ ٹل گیا۔ بتایاجاتاہے کہ ملک بھر میں ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 1000 اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں جہاں لیزر لائٹس کی روشنی اور شعاؤں کے نتیجہ میں پائیلٹس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ان 1000 واقعات میں 10 فیصد واقعات یعنی 100 سے زائد واقعات راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ شمس آباد پر پیش آچکے ہیں۔ ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے عملہ نے شمس آباد میں پیش آنے والے واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ شمس آبادائیر پورٹ کے اطراف و اکناف موجود شادی خانوں میں رات کے اوقات میں لگائے جانے والے برقی قمقموں اور لیزر لائٹس کے نتیجہ میں یہ خطرات پیدا ہورہے ہیں۔عہدیداروں کے مطابق شمس آباد کے اطراف موجود شادی خانوں میں استعمال کئے جانے والے ڈرون کیمروں کو فضاء میں اڑانے پر عائد پابندی پر سختی سے عمل کروانے کے اقدامات کے ساتھ طیاروں کو لینڈنگ میں ہونے والی مشکلات سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق فیڈریشن آف انڈین پائیلٹس اسوسیشن کی جانب سے شمس آباد ائیر پورٹ پر پیش آنے والے ان واقعات کے سلسلہ میں باضابطہ شکایت کی جاچکی ہے ۔3/a/b