عثمانیہ دواخانہ کے سکیوریٹی گارڈ کی چوکسی پر ملزم نے اقبال جرم کرلیا
حیدرآباد 10 اگست ( سیاست نیوز ) : شہر میں ایک شوہر نے بیوی کا قتل کردیا اور نعش لے کر ہاسپٹل پہونچا ۔ ہمایوں نگر کے ساکن محمد حسن نے اپنی بیوی اسماء بیگم کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو عثمانیہ جنرل ہاسپٹل پہونچایا ۔ تاہم سیکوریٹی گارڈ نے شبہ کی بنیاد پر حسن کو پکڑ لیا اور حسن نے ساری حقیقت بیان کی جس نے پہلے سیکوریٹی گارڈ کو غلط باور کروایا تھا کہ یہ نعش ایک کچرا دان سے برآمد ہوئی ہے ۔ حسن کی حالت کو دیکھ کر سیکوریٹی گارڈ نے اس سے سوالات کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتولہ اسماء بیگم کانگریس قائد فیروز خاں کے مکان میں کام کرتی تھی اطلاع کے بعد فیروز خاں بھی ہاسپٹل پہونچ گئے اور حالات سے واقفیت حاصل کی ۔ حسن ہمایوں نگر کے لکشمی نگر علاقہ میں رہتا تھا اور اس کا بیوی سے اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ محمد حسن اکثر اپنی بیوی کو مار پیٹ کا نشانہ بناتا تھا ۔ اس نے اسماء بیگم کو پہلے مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور اس کا قتل کردیا ۔ عثمانیہ ہاسپٹل میں حسن کے قبضہ سے پولیس نے ایک چاقو برآمد کرلیا ۔ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے چوکس سیکوریٹی گارڈ نے اس بات کی اطلاع فوری پولیس کو دی لیکن اس وقت تک حسن نے اپنا جرم قبول کرلیا تھا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق نامپلی حدود میں قتل کی واردات پیش آئی ۔ اے بیاٹری لائن کے علاقہ میں حسن نے بیوی پر حملہ کرکے ہلاک کردیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع