حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے بیشتر علاقوں میںمنگل کی سہ پہر سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ آئندہ 4یوم کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی کے مطابق ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں موسلادھار تیز بارشوں کی پیش قیاسی کرتے ہوئے 4اضلاع کے لئے ریڈ الرٹ ‘ 7 اضلاع کے لئے آرینج الرٹ اور مابقی اضلاع کے لئے زرد الرٹ جاری کیاگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منچریال ‘ نرمل ‘ پدا پلی اور کمرم بھیم آصف آباد کے علاقوں میں تیز موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان اضلاع میں آئندہ تین یوم کے دوران انتہائی تیز موسلادھار بارش کے امکانات ہیں اسی لئے ان اضلاع کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیاگیا ہے جبکہ جگتیال ‘ بھوپل پلی ‘ ملوگو‘ بھدراچلم ‘ کوتہ گوڑم‘ نظام آباد ‘ عادل آباد اور دیگر اضلاع میں بھی آئندہ تین یوم کے دوران موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اوراسی کے پیش نظران اضلاع کے لئے آرینج الرٹ جاری کیاگیا ہے اس کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع کے لئے محکمہ موسمیات نے زرد الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیاگیا ہے۔ شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں سہ پہر سے ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ 4 یوم کے دوران شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی اور تیز بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔شہر میں آج ہوئی بارش کے دوران کئی علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ 22جولائی کی رات سے دونوں شہرو ں میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی جائے گی۔شہر میں دن کے اوقات میںگرمی محسوس کی گئی تاہم سہ پہر تک مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ بعض علاقوں میں ہلکی اور بعض علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔شام تک بھی شہر کے بیشتر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی تا تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجہ میں عوام کو گرمی سے راحت ملی۔3
اے پی کے بیشتر علاقوں میں بارش
حیدرآباد22جولائی(یواین آئی) جنوب مغرب مانسون اور خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباو کے زیراثر اے پی کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانہ پر بارش ہوئی ۔ سب سے زیادہ بارش باپٹلا ضلع کے ادنکی، وجیانگرم ضلع کے ایس کوٹہ، سریکاکلم ضلع کے مندسا اور وجئے واڑہ میں 9 سینٹی میٹر، جب کہ پرکاشم ضلع کے چیمکرتی، گنٹور اور نندیال میں 8 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مغربی وسطی اور شمال مغربی خلیج بنگال میں جنوبی اوڈیشہ اور ریاست کے شمالی ساحلی علاقوں کے قریب ہوا کے کم دباو کا اثر جاری ہے ۔ اس کے اثر سے جمعرات تک شمالی خلیج بنگال کے ساحلی علاقہ میں کم دباؤ کا نظام بننے کا امکان ہے ، اس بات کی امراوتی موسمیات مرکز نے پیش گوئی کی ہے ۔
آئندہ چار دنوں کے دوران ریاست کے کئی علاقوں میں شدید بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ سمندر میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، اس لیے ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مچھلی پکڑنے نہ جائیں۔