شہر اور اضلاع میں صبح صبح بادل پھٹ پڑے

,

   

تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، عوام میں خوف ، نشیبی علاقوں میں پانی داخل، سڑکیں جھیل میں تبدیل

محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔4مئی ۔دونوں شہروں اور ریاست کے جنوبی اضلاع میں صبح کی اولین ساعتوں میں بادل پھٹ پڑے اور ایک گھنٹہ تک ہونے والی موسلادھار بارش نے شہریوں کو خوف میں مبتلاء کردیا تھا ۔ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی تباہ کن بارش کے سبب لاکھوں روپئے کی مالیت کا نقصان ہونے کے علاوہ کئی مقامات پر درختوں کے گرنے اور مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ شہر کے کئی مقامات پر سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگی تھیں۔ فجر کے فوری بعد گھن گرج‘ بجلی کی چمک ‘ تیز ہواؤں کے علاوہ انتہائی خوفناک گڑ گڑاہٹ کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو 6بجے تک جاری رہااور 6بجے کے بعد دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں زائد از ایک گھنٹہ ہلکی بونداباندی کا ہوتی رہی۔ تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے و الی بارش کے سبب شہر کے کئی مقامات پر عید الفطر کے پیش نظر نصب کی گئی خیر مقدمی کمانیں‘ ہورڈنگس ‘ بیانرس وغیرہ ہوا میں اڑنے لگے ۔ مسلسل تیز رفتار بارش کے سبب نشیبی علاقوں کے مکینوں کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ پولیس کو فون کرتے ہوئے مدد طلب کی جانے لگی تھی ۔عید الفطر کے سبب تاجرین کی جانب سے سڑک پر باندھ کررکھا گیا لاکھوں روپئے مالیت کا سامان تباہ ہوگیا اور کئی مقامات پر تجارتی اداروں میں پانی داخل ہوگیا۔ موسلادھار بارش کے سبب پرانے شہر کے علاقوںتالاب کٹہ‘ مکہ کالونی ‘ کالا پتھر ‘ حافظ بابا نگر ‘ نشیمن نگر‘ آغاپورہ‘ وجئے نگر کالونی ‘ خیریت آباد‘ مانصاحب ٹینک ‘ الوال ‘ اشوک نگر ‘ مشیر آباد کے علاوہ کئی علاقوں میں مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ تیگل کنٹہ ‘ فلک نما‘ جنگم میٹ ‘ چھاؤنی غلام مرتضیٰ ‘ سلطان شاہی ‘ دبیر پورہ‘ یاقوت پورہ اور دیگر علاقوں میں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے بعد شہر حیدرآباد میں ہونے والی ایک گھنٹہ کی مسلسل بارش کے سبب درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور شہریوں نے گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری شدید گرمی سے راحت حاصل کی ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سکندرآباد میں 72.8ملی میٹر یعنی 7.28 سینٹی میٹر ریکارڈکی گئی‘ ریکارڈ کی گئی جبکہ ریاست تلنگانہ میں سب سے زیادہ بارش ضلع سدی پیٹ میں ریکارڈ کی گئی جہاں اندرون ایک گھنٹہ 10.8 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بنسی لعل پیٹ علاقہ میں 6.7 سنٹی میٹر، ماریڈ پلی میں 6.18 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ چارمینار کے علاقہ میں 4.2 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور اس 4 سنٹی میٹر بارش کے بہاؤ کو یقینی نہ بنائے جانے کے سبب مکہ کالونی ‘ تاڑبن کے علاوہ تالاب کٹہ ‘ نشیمن نگر کے مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں اور تاریخی چارمینار اور مکہ مسجد کے درمیان کی سڑک بھی جھیل کا منظر پیش کر رہی تھی کیونکہ اس علاقہ میں بھی پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ انفورسمنٹ اینڈ ویجلنس کی جانب سے موسلا دھار بارش کے دوران فوری ایمرجنسی عملہ کو متحرک کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں روانہ کردیا گیا اور بعض علاقوں میں جہاں پانی تیزی سے جمع ہورہا تھا ان علاقو ںمیں کشتیوں کی مدد سے مکینوں کو منتقل کرنے کے بھی اقدامات کئے گئے۔ موسلادھار بارش ‘ تیز ہواؤں کے سبب دونوں شہروں کے بیشتر علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی اور برقی تاروں کے گرنے کی شکایات موصول ہوئی ۔ مادھا پور‘ جوبلی ہلز‘ بنجارہ ہلز ‘ مہدی پٹنم‘ لنگر حوض ‘ کاروان‘ عطا پور‘ راجندر نگر‘ کشن باغ‘ عنبر پیٹ ‘ کاچی گوڑہ ‘ اعظم پورہ ‘ چنچل گوڑہ ‘ ملک پیٹ ‘ اکبر باغ ‘ عیدی بازار کے علاوہ کئی مقامات پر نالوں میں پانی کے تیز بہاؤ کے علاوہ ڈرینیج کے ابل پڑنے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔ دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے بیشتر جنوبی اضلاع میں ہوئی بارش کے سبب گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن برقی تاروں‘ درختوں کے علاوہ برقی کھمبوں کے گرنے کے سبب ہونے والی مشکلات کو دور کرنے میں محکمہ برقی و مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجس کے سبب مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی متاثر رہی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے انتباہ میں کہاگیا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران بھی دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے دو یوم قبل بھی شہر میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی تھی لیکن عیدالفطر کے دن درجہ حرارت میں زبردست اضافہ اور گرمی کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ شہر میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے ۔ سدی پیٹ کے علاوہ منچریال ‘ یدادری ‘ جگتیال اور دیگر مقامات پر بھی شدید موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ شہر حیدرآباد سے یدادری جانے والی شاہراہ جو نئی تعمیر کی گئی ہے اس میں شدید بارش کے سبب شگاف پڑنے کے بعد اس شاہراہ کو فوری اثر کے ساتھ عوام کے لئے بند کردیا گیا تاکہ کسی بھی طرح کے اندوہناک حادثہ سے محفوظ رہا جاسکے۔