شہر میں 8ستمبر تک بارش کی پیش قیاسی

   


حیدرآباد ۔5ستمبر ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے حیدرآباد میں جمعرات 8ستمبر تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ شہر کے بعض حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی تا اوسط بارش کا بھی امکان ہے ۔اس دوران شہر کا اعظم ترین درجہ حرارت 31 تا 33 ڈگری سلسیس اور اقل ترین درجہ حرارت 22 تا 23 ڈگری سلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں ہلکی تا اوسط بارش ہوسکتی ہے جب کہ بعض مقامات پر شدید بارش کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اس وقفہ کے دوران ملک کی دیگر کئی ریاستوں آندھراپردیش ، ہماچل پردیش اور اڈیشہ میں بھی شدید بارش کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ حیدرآباد میں جولائی کے آخر اور اگست کے پہلے ہفتہ میں شدید بارش کے بعد یہ سلسلہ ختم ہوگیا ۔ دن اور رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ گذشتہ چند دن سے موسم گرما کی طرح محسو س کیا جارہا ہے ۔ پیر کی دوپہر شہر کے بعض حصوں میں ہلکی تا اوسط بارش ہوئی جس سے عوام کو راحت ملی ۔ رات تک بھی مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہا ۔