شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر غیرمجازقبضے برخواست

   

حیدرآباد4 دسمبر(یواین آئی) حیدرآباد ٹریفک پولیس نے جے سی بی کی مدد سے کوتہ پیٹ، رعیتو بازار اور این ٹی آر نگر سبزی منڈی میں قومی شاہراہ کے دونوں اطراف غیر مجاز قبضوں کوبرخواست کردیا۔ ٹریفک انسپکٹر وینکٹیشورلو نے بتایا کہ فٹ پاتھس پر غیر مجاز قبضوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو ٹریفک میں سنگین رکاوٹ بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فٹ پاتھس پر بڑے پیمانے پر غیرمجازقبضے کر کے شیڈ اور گرل لگاتے ہوئے سڑک پر کاروبارکیاجارہا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چھوٹے تاجروں کے نام پر دلالوں نے سڑک پر غیر مجازقبضے کئے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجر سڑک پر غیر مجازقبضے کیے بغیر ایک لائن میں رہنے کو یقینی بنائیں۔ ٹریفک پولیس نے آج جے سی بی کے ذریعہ ان قبضوں کو برخواست کیا اس موقع پر این ٹی آر نگر سبزی منڈی علاقہ میں ہلکی کشیدگی دیکھی گئی۔