صندل کی لکڑی کے اسمگلرس کا ریاکٹ بے نقاب

   

ایک کروڑ مالیتی لکڑی ضبط ، کمشنر ٹاسک فورس و پنجہ گٹہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس اور پنجہ گٹہ پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں بین ریاستی صندل کی لکڑی کے اسمگلرس کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک کروڑ مالیاتی صندل کی لکڑی ضبط کرلی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 40 سالہ این رادھا کرشنا جس کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور سے ہے اپنے ساتھیوں کے چندرا ، این چنیا، رام سیوک کمار عرف رامو اور شیوا چندرا کے ساتھ ٹولی کی شکل میں صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیوا چندرا اس ٹولی کا سرغنہ ہے اور اس نے ہی کڑپہ کے لنکا ملا ریزروفاریسٹ سے فی کیلو 400 روپئے صندل کی لکڑی حاصل کی۔ رادھا کرشنا نے صندل کی لکڑی کا لوڈ حاصل کرتے ہوئے اسے ترکاری کے ایک لوڈ میں ڈال کر بہار سے تعلق رکھنے والے سیکورٹی گارڈ رام سیوک کمار کے کمرہ واقع پدا شاہ پور ضلع رنگاریڈی میں خفیہ طور پر رکھا تھا۔ رادھا کرشنا ، چنیا اور چندرا ایک کار میں فرضی نمبر پلیٹ لگاکر سفر کررہے تھے اور اس کار کی ڈکی میں صندل کی لکڑی کا لوڈ رکھا تھا۔ ٹاسک فورس ساوتھ زون کو اس بات کی اطلاع ملنے پر مذکورہ افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2.5ٹن صندل کی لکڑی ، ہونڈا سٹی کار جن کی مالیت ایک کروڑ سے زائد ہے ضبط کرلی گئی۔ گرفتار ملزمین کو پولیس پنجہ گٹہ کے حوالے کردیا گیا۔