نئی دہلی ، 23 اپریل ( ایجنسیز) ہندوستانی ٹیم 2026 کے آئی پی ایل کے بعد جب بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے گی تو اس کی شکل پوری طرح سے بدل سکتی ہے۔ آئی پی ایل کے بعد ٹیم انڈیا کی پہلی سیریز گھر پر ہوگی، جہاں اس کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان ایک ٹسٹ میچ بھی کھیلا جائے گا اور یہ ٹسٹ میچ کچھ نئے کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرنے کا موقع فراہم کر سکتا ہے، جس میں وہ کھلاڑی بھی شامل ہے جس نے صرف 18 میچوں میں 104 وکٹیں حاصل کی ہوں۔ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان ٹسٹ میچ 6 جون سے موہالی میں کھیلا جائے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق، ٹیم انڈیا کے زیادہ تر مستقل کھلاڑیوں کو اس ٹسٹ میچ کے لیے آرام دیا جائے گا، جس سے کچھ نئے چہروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ اس میں وہ دو کھلاڑی شامل ہیں جو رانجی ٹرافی کے سیزن میں مسلسل وکٹیں لینے والے بولر رہے ہیں۔ اس میں فاسٹ بولر عاقب نبی کا نام بھی شامل ہے، جنہوں نے حالیہ سیزن میں جموں وکشمیر کے پہلے رانجی ٹرافی خطاب میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرعاقب نبی نے اس رانجی ٹرافی سیزن میں 60 کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں اور انہیں ٹیم انڈیا میں شامل کرنے کے لیے مسلسل مطالبات کیے جا رہے ہیں۔ عاقب کا دعویٰ اس لیے بھی مضبوط ہے کہ وہ مسلسل دو سیزن سے شاندار اور قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے لگاتار دو رانجی ٹرافی سیزن میں صرف 18 میچوں میں 104 وکٹیں حاصل کیں۔ اس لیے جسپریت بمراہ اور محمد سراج جیسے سینئر فاسٹ بولرزکو آرام دیا جائے تو عاقب کو موقع مل سکتا ہے۔ علاوہ ازیں صرف عاقب ہی نہیں بلکہ گزشتہ رانجی ٹرافی سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے ہرش دوبے کو بھی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپن آل راؤنڈر نے 2024-25 کے رانجی ٹرافی سیزن میں 69کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس لیے وہ ٹیم میں اسپن آل راؤنڈر کے طور پر رویندر جڈیجہ کی جگہ لے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تینوں فارمیٹس میں شاندار بیٹنگ کرنے والے نوجوان بیٹر دیودت پڈیکل بھی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ وہ 2025 کے اوائل میں آسٹریلیا کے دورے کے بعد سے ایکشن سے باہر ہیں۔ اسپنر مناو ستھر اور پنجاب کے فاسٹ بولرگرنور برارکو بھی اس سیریز کے لیے منتخب کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ عاقب کی مسلسل شاندار کارکردگی کے بعد کئی سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے انہیں ہندوستانی ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔E