ممبئی، 14 مئی (آئی اے این ایس) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار عامر خان کی سوپرہٹ فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے سیکوئل کی خبروں نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ اب ایک ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ عامر خان نے باضابطہ طور پر2009 کی بلاک بسٹر فلم کے سیکوئل پرکام شروع کردیا ہے۔بالی ووڈ ذرائع کے مطابق 3 ایڈیٹس2 اس وقت پری پروڈکشن مرحلے میں ہے، جبکہ اصل فلم کی مشہور تین رکنی ٹیم، عامر خان، آرمادھون اور شرمن جوشی اپنے اپنے یادگارکرداروں میں دوبارہ نظر آئیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکوئل میں ایک بڑا ٹائم لیپ دکھایا جائے گا، جس کا مطلب یہ ہے کہ فلم کے کردار اب زندگی کے اس مرحلے میں نہیں ہوں گے جہاں انہیں 2009 کی فلم میں دکھایا گیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی کہانی کے ٹائم لائن کو لے کر اب بھی معمہ برقرار ہے۔ اگرچہ وقت میں بڑی جست کی تصدیق ہو چکی ہے، لیکن یہ واضح نہیں کہ نئی کہانی اصل فلم کے واقعات سے پہلے پیش آئے گی یا بعد میں۔ذرائع کے مطابق اس وقت صرف عامر خان ہی کہانی کی اصل سمت سے واقف ہیں۔ دوسری جانب اصل فلم کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی بھی مبینہ طور پر سیکوئل کی ہدایت کاری کے لیے واپس آرہے ہیں۔ واضح رہے کہ 3 ایڈیٹس میں عامر خان کا کردار رانچو ہندوستانی سنیما کے مقبول ترین کرداروں میں شمارکیا جاتا ہے، جسے اس کے مزاح، دانشمندی اور زندگی کے منفرد نظریے کی وجہ سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔ راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی 3 ایڈیٹس میں آر مادھون، شرمن جوشی، کرینہ کپور خان، بومن ایرانی اور مونا سنگھ نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ یہ فلم دنیا بھر میں زبردست بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی اور عالمی سطح پر400 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔