عثمان ساگر کے دو گیٹس اور حمایت ساگر کا ایک گیٹ کھول کر پانی کا اخراج
حیدرآباد 7 ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کے جڑواں ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر لبریز ہوگئے ۔ عہدیداروں کی جانب سے عثمان ساگر کے دو اور حمایت ساگر کا ایک گیٹ کھول کر پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ موسیٰ ندی کے کنارے مقیم عوام کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا گیا ۔ مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے پانی تیزی سے بہہ کر عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں جمع ہورہا ہے ۔ جس سے دونوں ذخائر آب مکمل طور پر لبریز ہوگئے ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے عہدیدار دونوں ذخائر آب کے پانی کی سطح پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ فی الحال عثمان ساگر کے دو گیٹس کو ایک فیٹ اوپر اٹھا کر فاضل پانی کا اخراج کیا جارہا ہے ۔ اس طرح حمایت ساگرکا ایک گیٹ ایک فیٹ اٹھا کرپانی چھوڑا جارہا ہے ۔ حمایت ساگر میں پانی کا انفلو 1400 کیوسکس ہے ۔ موسیٰ ندی میں 340 کیوسکس پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763.50 فیٹ ہے اور موجودہ پانی کی سطح 1761.10 فیٹ ہے ۔ حمایت ساگر میں پانی کی مکمل گنجائش 2.97 جے ٹی ایم سی ہے جب کہ ذخیرہ آب میں 2.45 ٹی ایم سی پانی دستیاب ہے ۔ عثمان ساگر میں پانی کا انفلو 1800 کیوسکس ہے ۔ 2 گیٹس کھولتے ہوئے 226 کیوسکس پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ عثمان ساگر میں پانی کی مکمل سطح 1790 فیٹ ہے اور پانی کی موجودہ سطح 1787.95 فیٹ ہے ۔ پانی کی مکمل گنجائش 3.90 ٹی ایم سی ہے جب کہ ذخیرہ آب میں 3.43 ٹی ایم سی پانی دستیاب ہے ۔ واٹر ورکس کے مطابق آئندہ تین سال دونوں شہروں کو پانی کی قلت کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ 2