اسلام آباد ۔ 16 نومبر (ایجنسیز) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ نے جارحیت، دھمکیوں، ٹارگٹ کلنگ، معاشی دباؤ، ناکہ بندی کا راستہ اختیار کیا، امریکی اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 30 ویں وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اجلاس کے انعقاد پر پاکستان اور پاکستانی وزارتِ خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ عباس عراقچی نے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی ای سی او میں قیادت اور پرتپاک میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کی علاقائی سالمیت کے خلاف جارحیت کی مذمت اور ایرانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنے والے ممالک کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او کو اجتماعی اقدامات، مضبوط تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم بنانا ہو گا، تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی تنظیم کے تعاون کے 3 اہم اسٹریٹجک ستون ہونے چاہئیں۔