عشرت نوشہری:کشمیر کی پہلی خاتون آرکیٹیکٹ

   

سری نگر۔ تعلیم سے نہ صرف خواتین اپنے معاشرے میں اپنا سر بلند رکھ کر زندگی گذار سکتی ہیں بلکہ کسی بھی شعبہ حیات میں ایک انقلاب بر پا کرکے اپنا نام روشن کر سکتی ہیں۔ یہ باتیں وادی کشمیر کی پہلی خاتون آرکیٹیکٹ عشرت نوشہری کی ہیں جو سری نگر میں ‘عشرت نوشہری ایسو سیٹس’ کے نام سے اپنی آرکیٹکیچر کنسلٹنسی چلا رہی ہیں۔ سری نگر کے صورہ علاقے سے تعلق رکھنے والی عشرت نوشہری کونسل آف آرکیٹکچر نئی دلی کے تحت رجسٹرڈ آرکیٹکٹ ہیں اور اپنے شعبے کیلئے گراں بہا خدمات انجام دینے کے اعزاز میں انہیں کئی انعامات سے سرفراز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ میں نے پریزنٹیشن کانونٹ سکول سری نگر سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کرناٹک یونیورسٹی سے آرکیٹیکچر میں امتیازی پوزیشن کے ساتھ گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔ آرکیٹیکچرل ڈیزائنز تیار کرنے پر بین الاقوامی و قومی ایوارڈوں سے نوازا گیا ہے اور دوبئی، متحدہ عرب امارات جیسے ممالک کی آرکیٹکچر فرمز مجھے شراکت داری کی پیشکس کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ملک کی مختلف ریاستوں سے بھی آرڈرز ملتے ہیں۔ عشرت نے کہا لیکن اپنے وطن کے لوگوں کی خدمت کرنا میری دیرینہ آرزو اور خواب ہے ۔