نئی دہلی: دہلی فسادات سے متعلق مقدمات کے سلسلے میں جیل میں قید طالب علم رہنما عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت ایک مرتبہ پھر ملتوی ہو گئی ہے۔ اب سپریم کورٹ میں اس معاملہ پر 31 جنوری کو سماعت ہوگی۔ سینئر وکیل سی یو سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ وہ سماعت کے لیے تیار تھے، لیکن عدالت کی بنچ صرف ایک بجے تک ہی بیٹھنی تھی۔ ایسے حالات میں اس کیس کی سماعت کے لیے وقت نہیں مل سکا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 31 جنوری پر ڈال دی ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت 10 جنوری کو ہونی تھی۔ تاہم یہ سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔ عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سال 2023 میں ایک دن بھی سماعت نہیں ہو سکی تھی۔سپریم کورٹ میں سابقہ سماعت کے دوران عمر خالد کی طرف سے پیش سینئر وکیل کپل سبل نے جسٹس بیلا ایم ترویدی کی سربراہی والی بنچ سے درخواست کی کہ وہ طے شدہ سماعت کو اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیں۔ اس بنچ میں جسٹس پنکج متھل بھی شامل ہیں۔