موسیٰ رام باغ بریج کا کام جلد مکمل کیا جائے، اسمبلی میں کے وینکٹیش کی توجہ دہانی
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس رکن اسمبلی کے وینکٹیش نے عنبرپیٹ میں نوتعمیر شدہ فلائی اوور کے تحت سرویس روڈس کی تعمیر اور موسیٰ رام باغ علاقہ میں بریج کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران عنبرپیٹ اسمبلی حلقہ کے مسائل پر توجہ دلاتے ہوئے کے وینکٹیش نے کہاکہ 400 کروڑ سے فلائی اوور تعمیر کیا گیا لیکن چیف منسٹر کے پاس افتتاح کے لئے وقت نہیں تھا لہذا افتتاح کے بغیر ہی ٹریفک بحال کردی گئی۔ فلائی اوور کے نیچے موجود سرویس روڈس کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں مقامی عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ وینکٹیش نے کہاکہ موسیٰ رام باغ میں بریج کی تعمیر کا کام گزشتہ 2 برسوں سے جاری ہے اور محض 30 فیصد تعمیری کام مکمل ہوا ہے۔ اُنھوں نے علاقہ کے عوام کی سہولت کے لئے تعمیری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ کیا۔ رکن اسمبلی نے شکایت کی کہ کمشنر جی ایچ ایم سی سڑکوں اور ڈرینج کے کاموں کی منظوری سے گریز کررہے ہیں۔ اُنھوں نے حیدرآباد میں آوارہ کتوں اور مچھروں کے مسائل پر قابو پانے کا مطالبہ کیا۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے متعلقہ وزراء کو مسائل سے واقف کرانے کا تیقن دیا۔ 1