عوامی حمایت سے محروم ہونے کے بعد بی جے پی ووٹ چوری پر اتر آئی : مہیش کمار گوڑ

   

بیرونی طاقتوں، روہنگیا کے نام پر گمراہ کن مہم ،اصل موضوع سے عوام کی توجہ ہٹانے کا الزام
حیدرآباد ۔ 17 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے بی جے پی اور مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی عوامی حمایت حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اب اقتدار پر برقرار رہنے کیلئے ’’ووٹ چوری‘‘ اور اصل موضوعات سے توجہ ہٹانے کی سیاست کا سہارا لے رہی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے آج گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اداروں ED اور CBI کا بے جا استعمال کرنے کے بعد اب الیکشن کمیشن کو استعمال کرتے ہوئے ووٹ چوری کررہی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مودی حکومت کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور دیگر مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے چھاپے صرف اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر ہی کیوں مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمشنر کے انتخاب کے عمل کے قوانین میں اچانک تبدیلی کیوں کی گئی اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو سلیکشن کمیٹی سے کیوں باہرکیا گیا؟ مہیش کمار گوڑ نے یاد دلایا کہ کانگریس قائد راہول گاندھی نے اسی دن ملک کو اس خطرہ سے آگاہ کردیا تھا جس دن گیانیش کمار کو چیف الیکشن کمشنر منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی بڑی ریاستوں میں ووٹوں کی ہیراپھیری اور ووٹ چوری کا عمل خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے کیونکہ بی جے پی عوامی تائید سے انتخابات جیتنے کی صلاحیت کھو چکی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے الزام لگایا کہ جب بھی بی جے پی کی حکومت کسی اندرونی ناکامی یا تباہ کن صورتحال سے دوچار ہوتی ہے وہ موضوع تبدیل کرنے کیلئے بیرونی طاقتیں، پاکستان یا روہنگیا کا نام استعمال کرکے اصل ووٹرس کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ مودی میں چین کی جانب سے ہندوستانی زمین پر کئے گئے قبضے پر بات کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ آنے والے انتخابات اور پارٹی اتحاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے امید ظاہر کی کہ گریٹر حیدرآباد کے ضمنی انتخابات میں سی پی آئی پارٹی کانگریس کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ریاست میں بھی انڈیا اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھا جائے گا۔2