عوامی مسائل پر ایوانوں میں حکومت کو جھنجھوڑنے کے سی آر کا اعلان

   

تلنگانہ بھون میں تین گھنٹوں تک بی آر ایس مقننہ پارٹی اجلاس ‘ مختلف مسائل پر غور
حیدرآباد 11 مارچ ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر نے عوامی مسائل پر کسی سمجھوتے کے بغیر جدوجہد کا پارٹی ارکان اسمبلی ارکان کونسل کو مشورہ دیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں بی آر ایس پارٹی مقننہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے اسمبلی بجٹ سیشن کے پیش نظر دونوں ایوانوں کے ارکان کو مفید مشورے بھی دئیے ۔ قائد اپوزیشن نے بی آر ایس ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کو آدھے گھنٹے قبل ایوانوں کو پہونچنے کا حکم دیا ۔ کانگریس حکومت کی بدعنوانیاں ، مخالف عوام پالیسیاں کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ بی آر ایس حکومت کے خلاف جھوٹے الزامات کا منھ توڑ جواب دینے پر زور دیا ۔ کے سی آر نے ریاست کے مسائل ، خشک فصلیں ، برقی بحران زرعی سرگرمیوں کو پانی کی عدم دستیابی ، ناکارہ ہوجانے والی برقی موٹرس ، کسانوں کے مسائل ، پینے کے پانی کی قلت کو اسمبلی اور کونسل میں موضوع بنانے کا مشورہ دیا ۔ بی سی ریزرویشن ، ایس سی زمرہ بندی کی مکمل تائید و حمایت کرنے پر زور دیا ہے ۔ ریاست کے اقامتی اسکولس کی ابتر صورتحال کو دونوں ایوانوں میں موضوع بحث بنانے ، سرکاری ملازمین کے ریٹائرمنٹ بنیفٹس ، زیر التواء ڈی اے ، پی آر سی کی عمل کیلئے آواز اٹھانے ، خواتین سے وعدوں کی یاد دلانے ، 6 گیارنٹی پر عمل کیلئے حکومت پر دباؤ ، طلبہ کی اوورسیز اسکالر شپ جاری نہ کرنے ، طبی شعبہ کے گھٹتے ہوئے معیار ، پبلک ٹرانسپورٹ کے علاوہ دیگر عوامی مسائل پر حکومت کو جھنجھوڑنے مکمل تیاری کی ہدایت دی ۔ دلت بندھو اسکیم بند کردینے ، بھیڑ بکریوں کی تقسیم کو روک دینے کے خلاف ایوانوں میں موضوع بحث بنانے پر زور دیا ۔ 3 گھنٹے تک بی آر ایس مقننہ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔۔ 2