نئی دہلی 25 اپریل ( ایجنسیز ) عام آدمی پارٹی سے دوری اور بی جے پی میں شمولیت کے اندرون 24 گھنٹے راجیہ سبھا رکن راگھو چڈھا کو آن لائین عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان کے تقریبا 13 لاکھ فالوورس کم ہوگئے ہیں۔ راگھو چڈھا نوجوان نسل کیلئے سیاسی مثال سمجھے جاتے تھے ۔ بی جے پی میں شمولیت کے بعد انسٹا گرام پرا ن کے فالوورس کی تعداد 14.6 ملین سے گھٹ کر 13.3 ملین رہ گئی ہے ۔ ڈیجیٹل دنیا میںسرگرم رول سے عوامی امیج بنانے والے قائدین کیلئے فالوورس کی اتنی بھاری تعداد میں کمی اہمیت کی حامل کہی جاتی ہے ۔ خاص طور پر اس کا اثر نوجوان اور شہری ووٹرس پر پڑتا ہے ۔ فالوورس کی تعداد میں اچانک کمی اس بات کا اشارہ کرتی ہے کہ ان کی بی جے پی میں شمولیت کے فیصلے کو ان کے فالوورس نے پسند نہیں کیا ہے ۔ ان کے فیصلے پر لگاتار تنقیدیں بھی ہو رہی ہیں۔ انسٹاگرام پر کئی فالوورس نے تنقیدی تبصرے بھی کئے ہیں اور کہا کہ انہوں نے بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے مداحوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے ۔