عوام سے کورونا کا خوف دور کرنا ضروری

   

مقامی قائدین اور عہدیداروں کا رول اہم: دیاکر راؤ
حیدرآباد : وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے آج کہا کہ پالکرتی حلقہ کے عوام میں کورونا کا خوف بہت زیادہ پھیل گیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عہدیداروں کو اس خوف کو دور کرنے سرگرم رول ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ دیاکر راؤ نے آج اعلان کیا کہ پالکرتی حلقہ کے لئے دو ایمبولنس گاڑیوں کو جلد روانہ کیا جائے گا ۔ حیدرآباد سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ مقامی عہدیداروں اور سیاسی قائدین کے ساتھ انہوں نے کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ حلقہ کی عوام میں کورونا کا بہت زیادہ خوف پھیل گیا ہے جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کام میں عہدیداروں کو تعاون کرنا چاہئے ۔ سیاسی قائدین بھی دیہی علاقوں کا دورہ کر کے عوام میں اعتماد بحال کرسکتے ہیں۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ مقامی قیادت اس میں سرگرم رول ادا کرسکتی ہے۔