عوام کی سہولت کیلئے نئے 120 آدھار پوسٹ آفس مراکز کا آغاز

   

حیدرآباد۔ عوام کو نئے آدھار کارڈ کیلئے انرول کروانے اور موجودہ آدھار ڈاٹا میں تبدیلی کیلئے حیدرآباد علاقہ میں جملہ 120 نئے پوسٹ آفس آدھار مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ پوسٹ آفسوں میں قائم کئے جانے والے آدھار مراکز میں شہریوں کو نئے آدھار کیلئے انرول کرنے میں مدد ملے گی اس کے علاوہ موجودہ آدھار ڈاٹا جیسے ای میل آئی ڈی ‘ موبائیل نمبر ‘ پتہ ‘ تاریخ پیدائش ‘ نام میں تبدیلی ‘ تصویر کی تبدیلی اور بائیو میٹرکس کو اپ ڈیٹ کرنے جیسی سہولتوں سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ پوسٹ آفس آدھار مراکز میں شناخت اور پتہ کا ثبوت فراہم کرنے پر نئے آدھار کا انرولمنٹ لیا جائیگا ۔ اس کیلئے کوئی فیس نہیں ہوگی ۔ تاہم موجودہ آدھار کارڈ ہولڈرس کو اپنی اطلاعات کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے کچھ ادائیگی کرنی ہوگی ۔ یہ فیس 30 روپئے سے 100 روپئے تک درکار سرویس کی بنیاد پر رہے گی ۔ پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد نے اپنے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ یہ آدھار مراکز تلنگانہ کے 28 اضلاع میں کورونا لاک ڈاون کے بعد کارکرد بنادئے گئے ہیں ۔ عوام ان سے استفادہ کرسکتے ہیں۔