غریبوں کو رعایتی شرح پر طبی خدمات کی فراہمی قابل ستائش

   


وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ہیومانٹی ہاسپٹل کا افتتاح انجام دیا
حیدرآباد ۔19 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مہنگائی کے اس دور میں غریبوں کیلئے رعایتی شرح پر طبی خدمات کی فراہمی کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں علاج کافی مہنگا ہوچکا ہے اور غریب عوام خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں علاج سے قاصر ہیں۔ وزیر داخلہ قادر باغ کے علاقہ میں انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے قائم کردہ ہیومانٹی ہاسپٹل کے افتتاح کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ہاسپٹل کے ذمہ داروں کے جذبہ کی ستائش کی اور کہا کہ غریب اور متوسط طبقات کے لئے رعایتی شرح پر علاج کی بے حد ضرورت ہے۔ شہر میں اس طرح کے مزید ہاسپٹلس قائم کئے جانے چاہئے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت میں سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتوں کیلئے عصری آلات فراہم کئے ہیں۔ شہر کے اطراف چار سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ہیومانٹی ہاسپٹل کے بانی ڈاکٹر محمد شجاعت اللہ کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ روزانہ سرکاری دواخانوں کے پاس مفت ناشتہ کی سربراہی کے علاوہ بشیر باغ میں رعایتی شرحوں پر معائنہ کا ڈیاگناسٹک سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ ہیومانٹی ہاسپٹل غریبوں کی بہتر انداز میں خدمت کرے گا۔ ڈاکٹر شجاعت اللہ نے بتایا کہ معمولی فیس پر ماہر ڈاکٹرس کے ذریعہ علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ تقریب میں رکن اسمبلی کوثر محی الدین ، کارپوریٹر محمد نصیرالدین ، ڈائرکٹر اسپرنگ فیلڈ اسکول ریاض سنائی ، کنول کشور اگروال ، ڈاکٹر محمد وسیم ، ڈاکٹر محمد مصدق حسین اور شہباز حسین موجود تھے۔ ہیومنٹی ہاسپٹل میں آج سے فری میگا ہیلت کیمپ کا آغاز ہوا ہے جو 24 ڈسمبر تک جاری رہے گا۔ صبح 10 تا دوپہر 2 بجے مختلف معائنے کی سہولت حاصل رہے گی۔ر