حیدرآباد5 اپریل(یواین آئی) تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ غیر موسمی بارش نے کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے ۔محبوب آباد ضلع کے وینکٹ رام پور میں مکئی اور مرچ کی فصلیں شدید متاثر ہو گئیں۔مقامی کسانوں کے مطابق، موسلا دھار بارش اور پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے تمام فصلیں پانی میں محصورہوگئیں۔ کسانوں نے بتایا کہ مکئی اور مرچ کی فصلیں پانی میں گھٹنے برابر ڈوب چکی ہیں، جس کی وجہ سے وہ شدید مالی نقصان سے دوچار ہو گئے ہیں۔ متاثرہ کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری نقصانات کا جائزہ لے کر مناسب معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی سنوار سکیں۔کسانوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی فصلوں کی لاگت میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے ، اور حکومت مدد کیلئے آگے نہیں آئی تو وہ شدید قرض کا شکار ہوجائیں گے ۔ کسانوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر خصوصی سروے ٹیمیں روانہ کی جائیں، فصلوں کے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے اور متاثرین کو راحت فراہم کی جائے ۔بارش سے متاثرہ علاقوں میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے ابتدائی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے ، اور امکان ہے کہ حکومت کی جانب سے جلد ہی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔