فاروق کو17 سال قید کے بعد سپریم کورٹ سے ضمانت

,

   

گودھرا ٹرین آتشزدگی کیس

نئی دہلی :گجرات کے 2002 کے گودھرا ٹرین آتشزدگی کیس میں قصوروار ٹھہرائے گئے لوگوں میں سے ایک فاروق بھی ہیں جن کو سپریم کورٹ نے جمعرات15دسمبر کو ضمانت دے دی۔ فاروق کو تاحیات جیل کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ و جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے فاروق کی طرف سے پیش وکیل کی دلیل پر توجہ دیتے ہوئے اور اب تک جیل میں گزاری گئی مدت کو دیکھتے ہوئے ضمانت دے دی۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس گودھرا ٹرین آتشزدگی معاملہ کے کئی قصورواروں کی سزا کے خلاف اپیل عدالت عظمیٰ میں زیر التوا ہے۔آج گجرات حکومت کی طرف سے سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے عدالت میں کہا کہ یہ (گودھرا ٹرین آتشزدگی معاملہ) سب سے بہیمانہ جرم تھا ،جس میں خواتین اور بچوں سمیت 59 لوگوں کو زندہ جلا دیا گیا تھا اور قصورواروں کی اپیل جلد از جلد سننے کی ضرورت ہے۔ تشار مہتہ نے کہا کہ فاروق سمیت کئی دیگر لوگوں کو سابرمتی ایکسپریس کے کوچ پر پتھراؤ کرنے کا قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ عام طور پر پتھراؤ کرنا معمولی قسم کا جرم ہے، لیکن اس معاملے میں ٹرین کے کوچ کو بولٹ کیا گیا تھا اور یہ یقینی بنانے کے لیے پتھراؤ کیا گیا تھا کہ مسافر باہر نہ آسکیں اور اس کے علاوہ فائر ٹنڈر پر بھی سنگباری کی گئی تھی۔واضح رہے کہ 27 فروری 2002 کو گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس کے ایس 6 کوچ میں آگ لگنے سے 59 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد گجرات میں تشدد پھوٹ پڑا تھا اور جگہ جگہ فسادات کے معاملے میں بھی سامنے آئے تھے، جس میںمسلمانوں کی بدترین نسل کشی کی گئی تھی۔مقامی عدالت نے 2011میں 31ملزمین کو قصوار ٹہرایا تھا جبکہ 63افراد کو بری کردیا گیا تھا ۔11ملزمین کو موت کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ ماباقی کو عمر قید کی سزا دی گئی تھی ۔بعد ازاںگجرات ہائیکورٹ نے مقامی عدالت کے فیصلہ کو برقرار رکھا لیکن 11ملزمین کی موت کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا ۔ملزمین نے گجرات ہائیکورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیالنج کیا۔ فاروق عرف حاجی بھوریو نے ضمانت کی درخواست اس بنیاد پر داخل کی کہ وہ 18نومبر2004سے جیل میں یح اور 17سال سے قید کی زندگی گذار چکا ہے ۔