جوہانسبرگ ۔جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ونڈے میچ میں فخر زمان کے رن آوٹ معاملے کی تحریری شکایت نہ کرنے کی وجہ سے میزبان وکٹ کیپر کونٹین ڈی کوک ممکنہ جرمانے سے فی الحال بچ گئے ہیں ۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میچ ختم ہونے کے بعد فخرزمان کے متنازعہ رن آوٹ پر ٹیم مینجر منصوررانا نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ سے زبانی بات ضرورکی ہے تاہم تحریری طور پر باقاعدہ کوئی شکایت نہیں کی گئی۔کوئنٹین ڈی کک کی جعلی فیلڈنگ فخر زمان کو ڈبل سنچری سے محروم کرگئی۔آخری اوورکی پہلی گیند پر اوپنر فخر نے نگیڈی کی گیندکو لانگ آف کی جانب کھیلتے ہوئے سنگل رن مکمل کیا اور دوسرے کیلیے دوڑے، اس دوران وکٹ کیپر ڈی کک نے بولر کی جانب اشارہ کیا۔جس سے فخر سمجھے کہ فیلڈر ایڈین مارکرم نان اسٹرائیک اینڈ کی جانب تھرو کریں گے، اس لیے وہ تھوڑے سست پڑے لیکن مارکرم کی راست تھرو نے ان کی اننگز تمام کردی۔ کوئنٹین کی اس حرکت کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔یاد رہے کہ دوسرے ونڈے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز1-1 سے برابرکرلی ہے ۔جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں مہمان ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے کھیل کا آغاز کیا تاہم مارکرم کے ہاتھوں امام الحق صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان بابر اعظم بھی 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔فخر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 193 رنز کی یادگار اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرسکے ۔ فخر زمان کے اس طرح آوٹ ہونے پر ڈی کاک کو تنقید کا نشانہ بنایا جار ہا ہے ۔